0
Tuesday 5 Apr 2016 00:54

حکومت گلگت بلتستان میں طوفانی بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں امداد میں کوئی کسر نہ اٹھائے، علامہ ناصر عباس

حکومت گلگت بلتستان میں طوفانی بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں امداد میں کوئی کسر نہ اٹھائے، علامہ ناصر عباس
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دیامر، ہنزہ، چلاس سمیت گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کے نتیجہ میں ہونے والی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزید نقصانات سے بچنے کے لیے حکومت کو قبل از وقت حفاظتی اقدامات کرنا ہوں گے۔ سینکڑوں مکانات منہدم ہونے سے جو لوگ بےگھر ہو گئے ہیں، ان کو کھلے آسمان تلے بےیار و مددگار نہ چھوڑا جائے بلکہ ان کے لیے عارضی رہائشوں کا فوری بندوست کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہاکہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے جن علاقوں سے رابطہ منقطع ہے، وہاں غذائی قلت کی بھی اطلاعات آ رہی ہیں۔ اس کے علاوہ سینکڑوں مسافر جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، راستوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ اشیائے ضروریہ کی قلت کو دور کرنے کے لیے فضائی وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ سڑکوں کی بحالی کے لیے جدید مشینری کا استعمال بلا تاخیر شروع کیا جانا چاہیئے تاکہ زمینی رابطہ فوری بحال کیا جا سکے۔ مالی نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں سیاسی ضرورتوں سے بالاتر ہو کر انسانی ہمدردی کے تقاضوں کو مقدم رکھنا ہو گا۔ عوام کی داد رسی میں تاخیر قطعی ناقابل قبول ہے۔ علامہ ناصر عباس نے مجلس وحدت مسلمین کے پلیٹ فارم سے منتخب ہونے والے اراکین اسمبلی کو خصوصی ہدایات کی ہیں کہ وہ متاثرین کی بحالی کے لیے اپنی کوششوں کا بھرپور استعمال کریں۔
خبر کا کوڈ : 531601
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش