QR CodeQR Code

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان میں موجود غیر ملکیوں کا ریکارڈ مرتب کرنے کا حکم دیدیا

4 Feb 2011 00:43

اسلام ٹائمز:وفاق اور پنجاب کی حکومتوں سے تین ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ،ایسے لگ رہا ہے کہ جیسے حکومت پر ابھی تک سپر پاور امریکہ کا دباﺅ ہے


لاہور:اسلام ٹائمز۔لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان میں موجود غیر ملکیوں کا ریکارڈ مرتب کرنے کے لئے دائر درخواست پر وفاق اور پنجاب کی حکومتوں سے تین ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ہے۔ جمعرات کو اس حوالے سے ایک مقامی وکیل کی دائر کردہ درخواست کی سماعت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اعجاز احمد چودھری نے کی۔
 ابتدائی سماعت کے بعد چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل آف پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ان سے تین ہفتوں میں جواب مانگا ہے۔ نواب خان کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کے ویزے کے حوالے سے ابھی تک سیکرٹری داخلہ اور  سیکرٹری خارجہ نے کوئی واضع اعلان نہیں کیا جس کی وجہ سے مختلف افواہیں جنم  لے رہی ہیں جبکہ انکی خاموشی سے لوگ بھی اضطراب کا شکار ہیں اور ایسے لگ رہا ہے کہ جیسے ان پر ابھی تک سپر پاور امریکہ کا دباﺅ ہے۔ موجودہ صورتحال میں صحیح معلومات کی کمی لوگوں کے لیے تکلیف دہ بنی ہوئی ہے اور اب ایسی صورتحال ہو چکی ہے کہ جیسے ہر شہری کی زندگی خطرے میں پڑ گئی ہو، لہٰذا ان حالات میں صرف صاف و شفاف اور بغیر دباﺅ کے ہونے والی عدالتی کاروائی سے ہی لوگوں کی تشفی ہو سکتی ہے۔ چنانچہ عدالت اس معاملہ میں مداخلت کرے اور ریمنڈ ڈیوس کے ویزے کے حوالے سے حکومت واضح موقف پیش کرے۔


خبر کا کوڈ: 53195

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/53195/لاہور-ہائیکورٹ-نے-پاکستان-میں-موجود-غیر-ملکیوں-کا-ریکارڈ-مرتب-کرنے-حکم-دیدیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org