0
Wednesday 6 Apr 2016 20:07

پاکستان اسٹیل ملز کا مالیاتی بحران شدت اختیار کرگیا، ملازمین نے چار ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج

پاکستان اسٹیل ملز کا مالیاتی بحران شدت اختیار کرگیا، ملازمین نے چار ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج
اسلام ٹائمز۔ پاکستان اسٹیل ملز کا مالیاتی بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ ملازمین نے چار ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج کیا ہے جبکہ لیبر یونین نے پاکستان اسٹیل ملز کے چیف ایگزیکٹو اور انتظامیہ کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب اسٹیل ملز کے سی ای او میجر جنرل (ر) ظہیر احمد خان نے دو سال کے کنٹریکٹ کی مدت کی میعاد ختم ہونے پر اپنا عہدہ چھوڑ دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین نے اسٹیل ملز کے سی ای او میجر جنرل (ر) ظہیر احمد خان اور انتظامیہ کے خلاف چار ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج کیا ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اب پانی سر سے اونچا ہوگیا ہے۔ چار ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئی ہیں۔ حکومت فوری طور پر انتظامیہ اور سی ای او کے خلاف تحقیقات کرے۔ پاسلو یونین کے چیئرمین ظفر خان کے مطابق موجودہ وفاقی حکومت نے اسٹیل ملز کو 18 ارب 50 کروڑ روپے کا بیل آؤٹ پیکیج دیا اس کے باوجود اسٹیل ملز کے چیف ایگزیکٹو اور انتظامیہ مل چلانے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جون 2015ء سے بل کی عدم ادائیگی پر گیس بھی بند ہے، جس سے گذشتہ دس ماہ سے اسٹیل ملز کی پیداوار مکمل طور پر منجمند ہے، جس سے اسٹیل مل کا اب تک نقصان 20 ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 531963
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش