0
Saturday 9 Apr 2016 00:46

حکومت نے ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے، اب شہر میں درخت لگاؤں گا، عالمگیر خان

حکومت نے ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے، اب شہر میں درخت لگاؤں گا، عالمگیر خان
اسلام ٹائمز۔ فکس اِٹ کے عالمگیر خان نے کہا ہے کہ عام آدمی کو اہمیت دینے تک حکومت کو جگاتے رہیں گے، سندھ حکومت نے کراچی میں ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے ہیں، اب شہر میں خود درخت لگاؤں گا۔ وہ مقامی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ کراچی کی مقامی عدالت میں فکس اٹ کے بانی عالمگیر خان کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ عالمگیر کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ تفتیشی افسر نے تاحال کیس پراپرٹی عدالت میں پیش نہیں کیا، کیس پراپرٹی نہ ہونے کے باعث ملزم کیخلاف کیس نہیں چل سکتا۔ مقدمے کے ایک گواہ انسپکٹر لیاقت عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت سرکاری وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ عالمگیر خان کے خلاف مقدمے میں کیس پراپرٹی پیش کیا جائے۔ ملزمان نے یقین دہانی کرائی تھی کہ سماعت پر ٹریکر ٹرالی لے کر آئیں گے۔ ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کیس پراپرٹی لے کر آنا عدالت میں مشکل ہے۔ سٹی کورٹ میں پارکنگ کا مسئلہ ہے۔ اس لیے کیس پراپرٹی لے کر نہیں آئے ہیں۔ آئندہ سماعت پر کیس پراپرٹی لے کر آجائیں گے۔ عدالت نے کیس پراپرٹی اور گواہان کو 21 اپریل کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عالمگیر خان نے کہا کہ حکومت کو اس وقت جگاتے رہیں گے جب تک عام آدمی کو اہمیت نہیں دی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے ہم صرف دو لوگ گئے تھے اور وہاں کوڑے دان میں کچرا ڈالا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی میں ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے، شہر میں خود درخت لگاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کراچی کے عوامی مسائل اجاگر کرنے اور شعور بیدار کرنے کی مہم چلاتا رہوں گا۔
خبر کا کوڈ : 532322
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش