QR CodeQR Code

عمران خان کے خطاب کیلئے پی ٹی آئی کا پی ٹی وی کو مراسلہ

9 Apr 2016 18:06

اسلام ٹائمز: پی ٹی آئی کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر وزیراعظم نے قوم سے خطاب کرکے اپنی اور اپنے خاندان کی پوزیشن واضح کرنیکی ہر ممکن کوشش کی، چنانچہ عمران خان کا بھی حق ہے کہ وہ خطاب کرکے اپنی پوزیشن واضح کریں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اتوار کو پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک (پی ٹی وی) پر چیئرمین عمران خان کے قوم سے خطاب کے لیے مراسلہ بھیج دیا ہے۔ پی ٹی وی کے سیکرٹری انفارمیشن اور قائم مقام مینیجنگ ڈائریکٹر عمران گردیزی کے نام لکھے گئے مراسلے میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات نعیم الحق کا کہنا تھا کہ 'جیسا کہ سب ہی جانتے ہیں کہ پاناما لیکس کے تحت افشا ہونے والی دستاویزات سے معلوم ہوا ہے کہ کس طرح عالمی رہنماؤں اور شخصیات نے اپنے کالے دھن کو سفید کرنے کے لیےغیر قانونی آف شور کمپنیاں قائم کیں۔ مراسلے کے مطابق، وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے خاندان کا نام بھی ان دستاویزات میں شامل ہے۔ مراسلے میں مزید لکھا گیا ہے کہ 'اپنے دفاع کے لیے وزیراعظم نواز شریف نے 5 اپریل کو قوم سے خطاب کیا اور پاناما لیکس کے معاملے پر اپنی اور اپنے خاندان کی پوزیشن کو واضح کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا ٹیلی ویژن نیٹ ورک ہونے کی حیثیت سے جو صرف عوام کے ٹیکس پر چلتا ہے، پی ٹی وی ہر پاکستان کے ہر شہری کا حق ہے۔ لیکن بدقسمتی سے پاناما لیکس کے بعد وزیراعظم نواز شریف، وزیر اطلاعات پرویز رشید اور حکمران جماعت مسلم لیگ نواز کے بہت سے اراکین اسمبلی شوکت خانم ہسپتال سے متعلق غلط معلومات پھیلانے کے لیے پی ٹی وی کا استعمال کرچکے ہیں۔

مراسلے کے مطابق یہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا حق ہے کہ وہ بھی پی ٹی وی پر قوم سے خطاب میں شوکت خانم ہسپتال پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات کا جواب دیں اور پاناما لیکس کے حوالے سے اپنی پوزیشن کی وضاحت کریں۔ آخر میں پی ٹی وی حکام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ 10 اپریل کو شام 6 بجے عمران خان کے قوم سے خطاب کے سلسلے میں تمام انتظامات کریں۔ ساتھ ہی یہ بھی لکھا گیا ہے کہ عمران خان اپنے آفس سے براہ راست خطاب کریں گے۔ اسپیکر کی ہدایت پر ہی پی ٹی وی لائیو نشریات دے سکتا ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے عمران خان کے مطالبے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی ہدایت پر ہی پی ٹی وی لائیو نشریات دے سکتا ہے۔ پرویز رشید نے کہا کہ اپوزیشن انکوائری چاہتی ہے تو کمیشن کی حمایت کرے، کمیشن تحقیقات کرکے تمام سچائی سامنے لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انکوائری کمیشن غیر ملکی آڈٹ کرانے کا بھی مجاز ہوتا ہے، اپوزیشن انکوائری چاہتی ہے تو کمیشن کی حمایت کرے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن اپنی تمام خواہشات کمیشن میں جا کر پورا کرسکتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 532464

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/532464/عمران-خان-کے-خطاب-کیلئے-پی-ٹی-ا-ئی-کا-وی-کو-مراسلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org