0
Saturday 9 Apr 2016 20:01

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل کیلئے 3 نام فائنل

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل کیلئے 3 نام فائنل
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے اعلٰی اختیاراتی ادارے شوریٰ عالی کا اہم اجلاس جی نائن کراچی کمپنی جامعہ الصادق اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں صوبوں اور مرکز کی جانب سے نئے سیکرٹری جنرل کیلئے بھجوائے گئے ناموں پر غور کیا گیا۔ طویل مشاورت کے بعد شوریٰ عالی نے نئے سیکرٹری جنرل کیلئے موصول ہونے والے ناموں میں سے تین ناموں کو فائنل کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شوری عالی کی جانب سے علامہ ناصر عباس جعفری، علامہ محمد امین شہیدی اور علامہ احمد اقبال رضوی کے نام فائنل کئے گئے ہیں، شوریٰ عالی کی جانب سے علامہ جواد ہادی کی سربراہی میں الیکشن کمیشن بھی مقرر کر دیا گیا ہے، جو انتخابی عمل کی نگرانی کرے گا۔ اتوار کو مرکزی شوریٰ ان تین ناموں میں سے ایک نام کو بطور سیکرٹری جنرل منتخب کرے گی۔

تنظیمی منشور کے مطابق ہر تین سال بعد مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل کا انتخاب عمل میں لایا جاتا ہے۔ دستور کے مطابق تمام صوبے اپنی جانب سے شوریٰ عالی کو نئے سیکرٹری جنرل کیلئے دو، دو نام ارسال کرتے ہیں، اسی طرح مرکزی کابینہ بھی اپنی جانب سے دو نام ارسال کرتی ہے، جس پر شوریٰ عالی دیئے گئے ناموں میں سے دو نام اور اپنی طرف سے ایک نام شامل کرکے تین نام مرکزی شوریٰ میں پیش کرتی ہے۔ مرکزی شوریٰ ان تین ناموں سے ایک نام کو مرکزی سیکرٹری جنرل کے طور پر چن لیتی ہے، دستور کے مطابق 51 فیصد سے زائد ووٹ لینے والا امیدوار تنظیم کا نیا سیکرٹری جنرل قرار پاتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 532482
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش