0
Monday 11 Apr 2016 17:45

ملتان، جماعت اسلامی کے زیراہتمام کرپشن کے خلاف ریلی، حکومت مخالف نعرے بازی

ملتان، جماعت اسلامی کے زیراہتمام کرپشن کے خلاف ریلی، حکومت مخالف نعرے بازی
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر حکمرانوں کی لوٹ مار کرپشن کے خلاف ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد، ضلعی امیر میاں آصف محمود اخوانی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑوں موٹر سائیکلز، کاریں، رکشے بڑی تعداد میں شریک تھے۔ ریلی کا آغاز کلمہ چوک سے ہوا جو نواں شہر چوک، سول ہسپتال، چوک گھنٹہ گھر، کچہری چوک، چونگی نمبر 8، چونگی نمبر9، حضوری باغ روڈ سے ہوتی ہوئی حسین آگاہی چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء ریلی نے جماعت اسلامی کے کلمہ طیبہ والے پرچم اُٹھا رکھے تھے۔ ریلی کے شرکاء کرپٹ حکمران نامنظور نامنظور، کرپشن نامنظور نامنظور، کرپٹ حکمرانو ملک کی جان چھوڑ دوکے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔ پولیس بھی ریلی کے ساتھ ساتھ رہی۔ ریلی کے اختتام پر امیر صوبہ میاں مقصود احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ملک کا بچہ بچہ مقروض ہے بے روزگاری، مہنگائی، بدامنی اور خودکشیوں کی بنیادی وجہ حکمرانوں کی لوٹ مار اور کرپشن ہے ادارے تباہ ہوچکے ہیں ہر طرف لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔ ایک سرکاری ادارے کے مطابق 12 سور ارب روپے کی روزانہ کرپشن ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کرپشن کے خاتمے اور کرپٹ حکمرانوں سے قوم کی جان چھڑانے کیلئے تحریک چلا رہی ہے۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تا کہ ان چوروں، لٹیروں سے نجات ملے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ 250 لٹیرے اور چوروں کے چہروں کو پانامہ لیکس نے بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ من پسند ریٹائرڈ ججوں پر مشتمل کمیشن منظور نہیں۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس کی سربراہی میں حاضر سروس تین ججوں پر مشتمل کمیشن تشکیل دیا جائے اور کمیشن کو مکمل بااختیار بنایا جائے اور تحقیقات مکمل ہونے تک وزیراعظم کو اپنا عہدہ چھوڑ دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دیانت، امانت بھی عہدے کیلئے بنیادی شرط ہے جس ملک کا وزیراعظم کرپٹ، بدعنوان ہو وہ ملک کس طرح ترقی کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت اور اُس کے منتخب نمائندوں پر کسی قسم کا کوئی دھبہ نہیں یہی قیادت ملک کو ترقی وخوشحالی کی جانب لے کر جائے گی۔ اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان اور کرپشن فری پاکستان ہوگا۔ ریلی سے امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان میاں آصف محمود اخوانی، صہیب عمار صدیقی، مزدور رہنما صوفی محمد صدیق، مولانا انعام اللہ نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 532831
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش