0
Thursday 14 Apr 2016 20:56

پنجاب پولیس کا ناکام آپریشن، وزیراعلٰی برہم، چھوٹو گینگ نے عرضی مسترد کردی

پنجاب پولیس کا ناکام آپریشن، وزیراعلٰی برہم، چھوٹو گینگ نے عرضی مسترد کردی
اسلام ٹائمز۔ راجن پور میں کچے کے علاقے میں پنجاب پولیس کے ناکام آپریشن پر وزیراعلٰی پنجاب محکمہ داخلہ کے حکام پر برس پڑے ہیں اور کہا ہے کہ ناکامی کے ذمہ داران بچ نہیں سکیں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلٰی شہباز شریف کی زیر صدارت اعلٰی سطحی اجلاس ہوا، جس میں محکمہ داخلہ کے ذمہ داران شامل تھے۔ اجلاس میں چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن کے مختلف آپشنز پر مزید غور بھی کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلٰی نے غلط رپورٹ پیش کرنے اور ناقص حکمت عملی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کے پاس اسلحہ کم تھا، تو پہلے تیاری کیوں نہیں کی گئی۔ تربیت کے بغیر گھنے جنگل میں لڑنے کی اجازت کس نے دی۔؟ وزیراعلٰی کا کہنا تھا کہ آپریشن کی ناکامی کے ذمہ داران بچ نہیں سکیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آپریشن کے اتنے دنوں کے بعد کیوں جاگے کہ فوج کی ضرورت ہے۔ اگر ضرورت تھی تو پہلے کیوں نہیں حکمت عملی بنائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران مزاحمت کا پتہ تھا، تو جامع حکمت عملی کیوں نہیں بنائی گئی۔ واضح رہے کہ چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن میں سات پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 24 اہلکاروں کو چھوٹو گینگ نے یرغمال بنا لیا ہے۔ آپریشن کی ناکامی کی بنیادی وجوہات میں اسلحہ کی کمی، کھانے پینے کی قلت اور ناقص حکمت عملی شامل تھیں۔ وزیر اعلٰی نے آج روجھان اور راجن پور کا دورہ کرنا تھا۔

دوسری جانب پنجاب پولیس کی چھوٹو گینگ سے مذاکرات کی کوشش بھی ناکام ہو گئی ہے۔ پولیس نے چھوٹو گینگ سے گزارش کی مغوی اہلکار آپ کے بھائی ہیں، ان کا خیال رکھیں، جس پر چھوٹو نے صاف انکار کردیا۔ پولیس اہلکاروں نے سرکاری وائرلیس پر چھوٹو سے مذاکرات کی کوشش کی۔ پولیس اہلکاروں نے کہاکہ مغوی اہلکار آپ کے مہمان ہیں، ان کا خیال رکھیں، جس پر چھوٹو نے کہا کہ اہلکار نہ تو ہمارے مہمان ہیں اور نہ ہی ہمارے بیٹے لگتے ہیں۔ پولیس اہلکاروں کی جانب سے کہا گیا کہ جنگ اور لڑائی ہوتی رہتی ہے، آپ امن کریں۔ اس بات پر چھوٹو نے کہا کہ اگر ایک قدم بھی آگے بڑھایا تو کوئی بھی اہلکار نہیں بچے گا۔
خبر کا کوڈ : 533428
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش