0
Thursday 14 Apr 2016 21:46

حکمران جماعت نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ مسترد کردیا

حکمران جماعت نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ مسترد کردیا
اسلام ٹائمز۔ حکمران جماعت مسلم لیگ ن نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن سے پانامہ لیکس کی تحقیقات کرانے کا اپوزیشن جماعتوں کا مطالبہ مسترد کردیا۔ وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہل خانہ پر لگائے جانے والے تمام الزامات کا بھی بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق، وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت حکمران جماعت مسلم لیگ نون کے سینئیر رہنماوں کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔ جس میں وزیراعلی پنجاب شہباز شریف، مریم نواز شریف، وفاقی وزراء اور دیگر قانونی ماہرین نےشرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لیے وزیراعظم نوازشریف کے اعلان کے عین مطابق ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں انکوائری کمیشن قائم کیا جائے گا جس پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ اس ضمن میں فوری طور پر سیاسی رابطوں کا آغاز کیا جائے گا۔ اجلاس میں انکوائری کمیشن کے قواعدوضوابط کا خاکہ بھی تیار کرلیا گیا جس کے مطابق کمیشن پانامہ لیکس میں شامل تمام شخصیات سے تحقیقات کرسکے گا۔ تحقیقات کتنے وقت میں مکمل ہوں گی ٹائم فریم کمیشن خود متعین کرےگا۔

اجلاس کے شرکاء نے پانامہ لیکس کے الزامات کو بےبنیاد قرار دیتے ہوئے ان کا قانونی، سیاسی اور کمیشن کی سطح پر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ وزیر اعظم ہاوس سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں وزیر اعظم نواز شریف کی جلد اور مکمل صحتیابی کیلئے دعا کی گئی اور وزیر اعظم اور انکے خاندان پر الزامات کو مضحکہ خیز اور سازش قرار دیاگیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نواز لیگ نے اس سے پہلے بھی اس قسم کی تمام سازشوں کا مقابلہ کیا ہے اور اب بھی سرخرو ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 533438
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش