QR CodeQR Code

پانامہ لیکس، پاکستان عوامی تحریک نے ملک گیر احتجاجی مظاہروں کی کال دیدی

14 Apr 2016 22:32

اسلام ٹائمز: پی اے ٹی کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوٹی گئی ملکی دولت کسی ایک جماعت کی نہیں پاکستان کی ہے، پانامہ لیکس میں حکمران خاندان کی کرپشن کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں، اب کسی کمیشن نہیں ایکشن کی ضرورت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک نے پانامہ لیکس کے حوالے سے وزیراعظم کے استعفے تک ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے۔ احتجاجی تحریک کا نام ’’استعفیٰ دو تحریک‘‘ رکھا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے تمام ضلعی تنظیموں کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ خرم نواز گنڈاپور کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پانامہ لیکس میں حکمران خاندان کی کرپشن کے واضح ثبوت منظر عام پر آ چکے ہیں، ان ثبوتوں سے نہ صرف دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی ہوئی بلکہ وزیراعظم میاں نواز شریف حکومت کرنے کے بھی اہل نہیں رہے۔ اجلاس میں میجر (ر) محمد سعید، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، سیکرٹری کوآرڈینیشن ساجد بھٹی، فرح ناز، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، مظہر علوی، میر آصف اکبر، شہزاد رسول، رانا تجمل و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ سیکرٹری جنرل عوامی تحریک نے ضلعی تنظیموں کے نام لکھے گئے خط میں احتجاجی پروگرام دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام تنظیمات حکمران خاندان کی کرپشن سے متعلق رابطہ عوام مہم چلائیں، مقامی اور سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال کیا جائے۔ تمام اضلاع میں وزیراعظم استعفیٰ دو کے بینر لگانے کی ہدایت بھی کی گئی اور ضلعی پریس کلب کے باہر مظاہرے کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوٹی گئی ملکی دولت کسی ایک جماعت کی نہیں پاکستان کی ہے، پانامہ لیکس میں حکمران خاندان کی کرپشن کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں، اب کسی کمیشن نہیں ایکشن کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوٹی گئی دولت واپس لانے تک احتجاج جاری رہے گا، کرپشن اور ظالم نظام کے خاتمہ کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کے کارکنوں نے جانی و مالی قربانیاں دیں، 70دن کے دھرنے میں نامساعد حالات کا سامنا کیا۔ اب یہ تحریک اپنے منطقی انجام تک پہنچے گی اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں کھڑا کرینگے۔


خبر کا کوڈ: 533442

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/533442/پانامہ-لیکس-پاکستان-عوامی-تحریک-نے-ملک-گیر-احتجاجی-مظاہروں-کی-کال-دیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org