0
Saturday 16 Apr 2016 23:05

پاناما لیکس کمیشن کیلئے تاحال کسی ریٹائرڈ جج کا نام فائنل نہیں ہوا، وفاقی وزیر ریلوے

پاناما لیکس کمیشن کیلئے تاحال کسی ریٹائرڈ جج کا نام فائنل نہیں ہوا، وفاقی وزیر ریلوے
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کمیشن کے حوالے سے ابھی تک کسی ریٹائرڈ جج کا نام فائنل نہیں ہوا ہے۔ وزیراعظم بیمار ہیں اور وہ علاج کی غرض سے بیرون ملک گئے ہیں، جب صحتیاب ہونگے، تو وطن واپس آ جائینگے۔ اس لئے افواہیں نہ پھیلائی جائیں۔ عمران خان خود پانامہ لیکس کا سراغ لگانے میں سنجیدہ نہیں، کیونکہ انہیں علم ہے کہ اگر اس پر شفاف کمیشن کا قیام عمل میں آ گیا تو انہیں اپنی سیاست چمکانے کا موقع نہیں ملے گا۔ ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان برطانیہ میں فرانزک آڈٹ کی کمپنیوں سے ملنے نہیں بلکہ اپنے یہودی برادر نسبتی کی انتخابی مہم میں حصہ لینے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حسن اور حسین نواز نے پاکستان سے باہر کوئی پیسہ نہیں بھیجا، جبکہ عمران خان خود تسلیم کرچکے ہیں کہ انہوں نے شوکت خانم کے نام پر جمع ہونے والے پیسوں سے باہر سرمایہ کاری کی اور انہیں پانچ سال بعد واپس لایا گیا۔ عمران خان اس پر علماء کرام سے فتویٰ لیں کیا خیرات اور زکوۃ کے پیسے سے اس طرح سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف 24 اپریل کو اسلام آباد میں ناچ گانا اور بھنگڑا شو کرنے جارہی ہے۔ ہم پر پی ٹی آئی کا کوئی پریشر نہیں۔ حکومت چاہتی ہے کہ دھرنے کی بجائے اسمبلی میں بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالا جائے، لیکن عمران خان شفاف تحقیقات چاہتے ہی نہیں، کیونکہ وہ اس مسئلے کے ذریعے سیاست کرنے کے چکر میں ہیں۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ مجھے لندن پلان کا علم نہیں لیکن اگر دھرنے والوں کے ذہن میں ایسی کوئی بات ہو تو کچھ کہا نہیں جا سکتا۔ پانامہ لیکس پر احتجاج کرنے والے اس کا سراغ لگانے میں سنجیدہ نہیں کیونکہ سب کو معلوم ہے کہ اگر وہ سنجیدہ ہوئے تو ان میں سے بہت سے لوگوں کو خود احتساب کے لئے پیش ہونا پڑے گا۔
خبر کا کوڈ : 533760
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش