0
Saturday 16 Apr 2016 18:13
ترکی اور ایران کا دہشتگردی سے نمٹنے اور تجارتی تعلقات بڑھانے پر اتفاق

اختلافات کے باوجود علاقے میں خونریزی کے خاتمہ پر متفق ہیں، اردوغان، ہماری پہچان شیعہ سنی نہیں اسلام ہے، حسن روحانی

ایران و ترکی کا شام اور عراق کی ارضی سالمیت کے تحفظ اور اقتدار اعلٰی کے احترام پر زور
اختلافات کے باوجود علاقے میں خونریزی کے خاتمہ پر متفق ہیں، اردوغان، ہماری پہچان شیعہ سنی نہیں اسلام ہے، حسن روحانی
اسلام ٹائمز۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے شام اور عراق میں جنگ و خونریزی بند کرانے کے لئے ایران اور ترکی کے تعاون پر زور دیا ہے۔ ترک صدر نے انقرہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ علاقے کے ممالک خاص طور پر شام اور عراق میں جنگ و خونریزی بند کرانے کے لئے ایران اور ترکی کو ہرحال میں تعاون کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور ترکی دہشت گردی اور فرقہ پرستی کے خلاف مل کر فیصلہ کریں گے۔ ترک صدر نے کہا کہ تہران اور انقرہ علاقے خاص طور پر شام اور عراق میں جنگ و خونریزی کا خاتمہ چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں دونوں کو ہر حال میں تعاون کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بعض علاقائی معاملات میں ایران اور ترکی کے درمیان نظریاتی اختلافات پائے جاتے ہیں اور یہ حقیقت بھی ہے، لیکن اس کے ساتھ ہی دونوں ممالک جنگ و خونریزی کا خاتمہ چاہتے ہیں، اس سلسلے میں دونوں کے نظریات ایک ہیں اور یہ ہم دونوں کے لئے خوشی کی بات ہے۔ ترک صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی تعاون درکار ہے اور اس سلسلے میں کوئی غفلت نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اچھی دہشت گردی اور بری دہشت گردی کے نظریئے کو ایران اور ترکی دونوں سختی کے ساتھ مسترد کرتے ہیں۔ ترک صدر نے کہا کہ ایران اور ترکی دونوں ہی شام اور عراق کی ارضی سالمیت کے تحفظ اور اقتدار اعلٰی کے احترام پر زور دیتے ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ترک ہم منصب طیب اردگان سے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے دہشتگردی کیخلاف تعاون اور تجارتی تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا۔ صدارتی محل میں دونوں رہنمائوں نے اہم عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ شام کے مسئلے پر خصوصی دلچسپی سے بات کی گئی۔ مشترکہ کانفرنس میں اردگان نے کہا امید ہے دو طرفہ تجارت 30 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے بنکنگ اور توانائی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ شام، عراق، یمن میں استحکام اسلامی دنیا کیلئے مفید ہے۔ اردگان نے کہا اختلافات کے باوجود دونوں ممالک نے علاقے میں خونریزی کے خاتمے پر اتفاق کیا۔ ایرانی صدر نے کہا ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں ہماری پہچان شیعہ سنی نہیں اسلام ہے۔
خبر کا کوڈ : 533833
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش