0
Monday 18 Apr 2016 21:57

عوامی ایکشن کمیٹی نے چارٹر آف ڈیمانڈ کے حق میں احتجاجی تحریک شروع کرنیکا اعلان کردیا

عوامی ایکشن کمیٹی نے چارٹر آف ڈیمانڈ کے حق میں احتجاجی تحریک شروع کرنیکا اعلان کردیا
اسلام ٹائمز۔ عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان نے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں یکم مئی سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عوامی ایکشن کمیٹی کے کنوینئر مولانا سلطان رئیس نے ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں صفدر علی، یعصوب الدین، فداحسین، حسین شاہ اور دیگر کے ہمراہ گلگت پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ قدرتی آفت کے دوران صوبائی حکومت نے غریب اور قحط زدہ عوام کی خدمت سمجھتے ہوئے نقصانات کا ازالہ کرنے کی بجائے زبانی جمع خرچ اور اخبارات میں جھوٹے بیانات دے کر عوام کے زخموں پر نمک پاشی کی۔ انہوں نے کہا کہ ہونا یہ چاہئے تھا کہ اس قدرتی آفت سے نمنٹنے کے لئے حکومت وفاق اور عالمی اداروں کا دروازہ کھٹکھٹاتی اور امداد لا کر عوام کی ضروریات پورا کرتی لیکن حکومتی شخصیات سب ٹھیک ہے کے دعوے کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کے لئے حکومت پنجاب سے بھیجا گیا امدادی سامان بالخصوص آٹے کے تھیلے تین تین سو روپے میں مارکیٹ میں فروخت ہوتے رہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ پنجاب حکومت کا بچا کھچا امدادی سامان مسلم لیگ نون کے ورکروں کو دیا گیا اور مستحق افراد امداد سے محروم رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کے حوالے سے صوبائی حکومت کی ناقص پالیسی کی وجہ سے خوراک کا بحران پیدا ہوا لہٰذا ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گلگت بلتستان میں گندم کم از کم 6 ماہ کے لئے ذخیرہ کیا جائے، اسی طرح پیٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ بھی 6 ماہ کے لئے گلگت میں موجود ہونا چاہئے تاکہ ہنگامی حالات کے دوران عوام کو اس کے حصول کے لئے در در کی ٹھوکریں نہ کھانی پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ بابوسر روڈ اور چترال روڈ کو آل ویدر کیا جائے اور شونٹر روڈ پر کام تیز کیا جائے اور شاہراہ قراقرم کی طرح دیگر تاریخی روڈز کھولے جائیں تاکہ سیاحت کا شعبہ بھی ترقی کرسکے۔ ایک سوال کے جواب میں مولانا سلطان رئیس نے کہا کہ یکم مئی سے عوامی ایکشن کمیٹی اپنے چارٹر آف ڈیمانڈ کے حل کے لئے یکم مئی کو اتحاد چوک میں احتجاجی جلسے سے تحریک کا آغاز کرے گی جو مطالبات کے حل تک جاری رہے گی۔ اس مقصد کے لئے تمام اضلاع میں عوامی ایکشن کمیٹی کو فعال کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 534103
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش