0
Wednesday 20 Apr 2016 15:19

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پولیس موبائل پر حملہ،7 اہلکار شہید

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پولیس موبائل پر حملہ،7 اہلکار شہید
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پولیس موبائل پر دہشت گردوں کے حملے میں شہید پولیس اہل کاروں کی تعداد سات تک پہنچ گئی ہے، جب کہ حملے میں دو پولیس اہل کار زخمی بھی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں گھات لگائے دہشت گردوں نے پولیو مہم کے دوران پولیو اسٹاف کی حفاظت پر مامور اہل کاروں پر فائرنگ کردی، قاتلانہ حملے میں شہید ہونے والے اہل کاروں کی تعداد سات تک پہنچ گئی ہے، جب کہ حملے میں دو اہل کار زخمی بھی ہوئے۔ پولیس اہل کار سیکیورٹی پر مامور موبائل میں موجود تھے، جہاں دہشت گردوں نے انہیں نشانہ بنایا۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے، جنہوں نے سیکیورٹی کیلئے نافذ پولیس اہل کاروں کو نشانہ بنایا اور باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ دہشت گردوں نے پولیس موبائل کو چاروں جانب سے گھیر کر حملہ کیا۔ شہید پولیس اہل کاروں کی لاشیں اور دو زخمی اہل کاروں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ واضح رہے کہ رینجرز کے بھرپور ایکشن کے بعد کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی تھی، تاہم پولیو ٹیم پر دہشت گردوں کا حملہ سیکیورٹی فورسز کیلئے اب بھی ایک امتحان ہے۔
خبر کا کوڈ : 534399
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش