0
Thursday 21 Apr 2016 09:48

شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کا آج 78واں یوم وفات

شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کا آج 78واں یوم وفات
اسلام ٹائمز۔ عظیم فلسفی شاعر، مفکرپاکستان، حکیم الامت ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال رحمتہ اللہ علیہ کا 78 واں یوم وفات آج ملک بھرمیں انتہائی عقیدت و احترام اورقومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال 9 نومبر1877ء کو سیالکوٹ میں شیخ نورمحمد کے گھر پیدا ہوئے۔ انھوں نے ابتدائی تعلیم سیالکوٹ میں ہی حاصل کی اور مشن ہائی اسکول سے میٹرک اور مرے کالج سیالکوٹ سے ایف اے کا امتحان پاس کیا۔ 25 دسمبر1905ء کو علامہ اقبال اعلیٰ تعلیم کے لیے انگلستان چلے گئے اور کیمبرج یونیورسٹی ٹرنٹی کالج میں داخلہ لے لیا، ابھی یہاں آئے ہوئے ایک مہینے سے کچھ اوپر ہوا تھا کہ بیرسٹری کے لیے لنکنزاِن میں داخلہ لے لیا اور پروفیسر براؤن جیسے فاضل اساتذہ سے رہنمائی حاصل کی۔ بعد میں آپ جرمنی چلے گئے جہاں میونخ یونیورسٹی سے آپ نے فلسفہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ علامہ اقبال نے فلسفیانہ اور مفکرانہ سوچ اور دور اندیشی جیسی خصوصیات نے اقبال کی شاعری کو عارفانہ مقام بخشا، ادرویشانہ انداز اور دنشورانہ فکر نے اقبال کی شاعری کو اس طرح نکھارا جس کی نظیر نہیں ملتی۔ زبور عجم، ارمغان حجاز، شکوہ، جواب شکوہ، اور بال جبریل جیسے شاہکار مجموعہ کلام نے ادب کو ایک نیا دوام بخشا۔

حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 78ویں یوم وفات پر پاکستان مسلم لیگ، نظریہ پاکستان فاؤنڈیشن، مرکزی مجلس اقبال، تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ اور دیگر اداروں کے زیراہتمام خصوصی تقریبات، تقریری مقابلوں، سیمینارز، مذاکروں، مباحثوں، مشاعروں اور دیگر پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ خصوصی ڈاکومینٹریز بھی پیش کی جائیں گی۔

شاعر مشرق کے مزار پرگارڈز کی تبدیلی کی تقریب بھی منعقد ہو گی جبکہ گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، چیف سیکریٹری پنجاب اور پاک فوج کے اعلیٰ افسران مزار اقبال پر حاضری دیں گے، پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ اقبال اکیڈمی اور آرٹس کونسل کے اشتراک سے ادبی و ثقافتی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 534504
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش