QR CodeQR Code

ایران کا استحکام پاکستان کی ترقی و استحکام سے جڑا ہوا ہے

پاکستان ایران سے سستی انرجی درآمد کرکے صنعت کا پہیہ رواں دواں رکھ سکتا ہے، ایرانی سفیر

22 Apr 2016 16:49

اسلام ٹائمز: تاجر رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری کو تجارتی منڈیوں سے مکمل آگاہی نہ ہونے کے سبب تجارتی حجم کم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی بزنس کمیونٹی کو ہمہ وقت کھلے دل سے خوش آمدید کہیں گے۔ مہدی ہنر دوست نے کہا کہ ایرانی صدر کا دورہ پاکستان کامیاب رہا۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے سفیر مہدی ہنردوست کا لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ، سینئر نائب صدر الماس حیدر، نائب صدر ناصر سعید، سابق صدور اور مختلف سیکٹرز سے تعلق رکھنے والے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران سے ملاقات کی۔ ایرانی سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستان ایران سے سستی انرجی درآمد کرکے صنعت کا پہیہ رواں دواں رکھ سکتا ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس میں منعقد ہونیوالی میٹنگ میں ٹیکسٹائل، لیدر، الیکٹرونکس، ڈیری اینڈ لائیو سٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران میاں عبدالرزاق، شہزاد احمد، سابق صدور سہیل لاشاری، اعجاز بٹ، سرپرست اعلٰی آل پاکستان رائس ملز پیر ناظم حسین شاہ، سابق سیکرٹری جنرل سارک چیمبر رحمت اللہ جاوید سمیت دیگر کاروباری برادری شریک ہوئی۔ اس موقع پر ایرانی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری کو تجارتی منڈیوں سے مکمل آگاہی نہ ہونے کے سبب تجارتی حجم کم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی بزنس کمیونٹی کو ہمہ وقت کھلے دل سے خوش آمدید کہیں گے۔

مہدی ہنر دوست نے کہا کہ ایرانی صدر کا دورہ پاکستان کامیاب رہا۔ لاہور چیمبر کے سینیئر نائب صدر الماس حیدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین فری ٹریڈ ایگریمنٹ بھی ہونا چاہیے۔ قبل ازیں ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے مزار اقبال پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا کلام پاکستان کے ساتھ ایران میں بھی پڑھا جاتا ہے۔ ایرانی سفیر نے قونصل جنرل محمد حسین بنی اسدی کے ہمراہ بادشاہی مسجد میں رکھے گئے مقدس تبرکات کی زیارت کی اور مغلیہ طرز تعمیر کے عظیم شاہکار کا دورہ کیا۔ ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان مشترکہ ثقافتی و سماجی اقدار کی وجہ سے بھائی چارے کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کا استحکام پاکستان کی ترقی و استحکام سے جڑا ہوا ہے۔


خبر کا کوڈ: 534682

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/534682/پاکستان-ایران-سے-سستی-انرجی-درا-مد-کرکے-صنعت-کا-پہیہ-رواں-دواں-رکھ-سکتا-ہے-ایرانی-سفیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org