QR CodeQR Code

پاکستانی سرزمین پر حقانی نیٹ ورک کیخلاف کارروائی نہ کرنے پرتشویش ہے، امریکہ

24 Apr 2016 18:54

اسلام ٹائمز: غیرملکی میڈیا سے انٹرویو کے دوران افغانستان میں امریکہ کے سابق سفیر زلمے خلیل زاد نے الزام عائد کیا ہے کہ طالبان کا مسئلہ اور پاکستان میں حقانی نیٹ ورک کے ٹھکانے افغانستان میں امریکی ناکامی کی بڑی وجہ بنے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ڈائریکٹر آف پریس آفس الزبتھ ٹروڈو نے میڈیا بریفنگ کے دوران کابل حملہ میں مبینہ طور پر حقانی نیٹ ورک کے ملوث ہونے سے متعلق ایک سوال پر کہا ہے کہ ہم نے پاکستان کیساتھ مسلسل اس بات پر تشویش کا اظہارکیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر حقانی نیٹ ورک سمیت دیگر دہشتگردگروپس کے درمیان تفریق نہ کرے، بلکہ تمام دہشتگردوں کیخلاف یکساں کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب افغانستان میں امریکہ کے سابق سفیرزلمے خلیل زاد نے الزام عائد کیا ہے کہ طالبان کا مسئلہ اور پاکستان میں حقانی نیٹ ورک کے ٹھکانے افغانستان میں امریکی ناکامی کی بڑی وجہ بنے۔ غیرملکی میڈیا کو انٹرویو میں انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں حقانی نیٹ ورک کے محفوظ ٹھکانے بدامنی کا باعث رہے ہیں، جبکہ انہی محفوظ ٹھکانوں سے امریکی فوجیوں اور افغانوں کیخلاف حملے ہوتے رہے، پاک افغان بہتر تعلقات دونوں ملکوں کے مفاد میں ہیں، جنہیں درست زاویۂ نظر سے دیکھنے کی ضرورت رہی ہے۔ خلیل زاد نے مزید کہا کہ سابق صدر پرویزمشرف کی حکومت امریکا کیساتھ تعاون کر رہی تھی، اس وقت نیٹو کو پاکستان کے راستے رسد جایا کرتی تھی، جبکہ پاکستان میں امریکی جہاز کھڑے ہوتے تھے اور القاعدہ کے لیڈر پکڑے جاتے تھے، جنہیں امریکا کے حوالے کیا جاتا تھا، یہ اقدامات دوستانہ تھے تاہم پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے شکوک و شبہات بھی موجود تھے، جو بعد میں زیادہ کھل کر سامنے آئے۔


خبر کا کوڈ: 535063

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/535063/پاکستانی-سرزمین-پر-حقانی-نیٹ-ورک-کیخلاف-کارروائی-نہ-کرنے-پرتشویش-ہے-امریکہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org