QR CodeQR Code

اغیار مسلمانوں کو آپس میں لڑائی لڑا کر اپنا ذاتی مفاد حاصل کرتے ہیں، ضیاالحق نقشبندی

25 Apr 2016 22:11

اسلام ٹائمز: تنظیم اتحاد امت پاکستان کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ حکومت وقت کو چاہیے کہ وہ مسالک میں پیارومحبت کی فضاء کو قائم رکھنے کیلئے اپنے اختیار کو استعمال کرے تاکہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں مسالک کی بنیاد پر اختلافات کو کم سے کم کیا جا سکے کیونکہ آنے والے دور میں خدانخواستہ اگر مسالک کے اختلافات کی بنیاد پر لڑائی جھگڑے ہوئے تو اس کا ناقابل تلافی نقصان ملک و قوم کو ہو سکتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ تنظیم اتحاد امت پاکستان کے زیراہتمام 8 مئی کو آل پارٹیز ’’اتحاد امت کانفرنس‘‘ کی دعوت دینے کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں، دعوتی کمیٹی ملاقاتوں کا شیڈول 2 دن میں بنا کر رپورٹ اجلاس میں پیش کریں گے، اتحاد امت کانفرنس میں تمام مسالک کی ملک گیر سیاسی، مذہبی جماعتیں، اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان کے ذمہ داران شرکت کریں گے۔ کانفرنس کا مقصد مسالک کی بڑھتی ہوئی دوریوں کو کم کرنا ہے اور اتحاد و اتفاق اور پیار و محبت کیساتھ رہنا ہے، کیونکہ اپنا مسلک چھوڑو نہیں اور دوسرے کا مسلک چھیڑو نہیں کی پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یہ بات چیئرمین تنظیم اتحاد امت پاکستان محمد ضیاء الحق نقشبندی نے تنظیم کے مرکزی راہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اسلام کے ابدی اور حقیقی پیغام محبت کو زیادہ سے زیادہ عام کیا جائے، ماضی میں مسالک کی لڑائی جھگڑوں سے امت مسلمہ کا بہت بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہو چکا ہے اغیار مسلمانوں کو آپس میں لڑائی لڑا کر اپنا ذاتی مفاد حاصل کرتے ہیں تاکہ امت مسلمہ ترقی پذیر ممالک کی دوڑ میں شامل نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وقت کو چاہیے کہ وہ مسالک میں پیارومحبت کی فضاء کو قائم رکھنے کیلئے اپنے اختیار کو استعمال کرے تاکہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں مسالک کی بنیاد پر اختلافات کو کم سے کم کیا جا سکے کیونکہ آنے والے دور میں خدانخواستہ اگر مسالک کے اختلافات کی بنیاد پر لڑائی جھگڑے ہوئے تو اس کا ناقابل تلافی نقصان ملک و قوم کو ہو سکتا ہے، جس کی کسی صورت میں اجازت نہیں دی جا سکتی۔


خبر کا کوڈ: 535224

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/535224/اغیار-مسلمانوں-کو-آپس-میں-لڑائی-لڑا-کر-اپنا-ذاتی-مفاد-حاصل-کرتے-ہیں-ضیاالحق-نقشبندی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org