0
Thursday 28 Apr 2016 09:56

لاہور، خانہ فرہنگ اسلامی ایران میں جشن مولود کعبہ کی تقریب،اہم شخصیات کی شرکت

لاہور، خانہ فرہنگ اسلامی ایران میں جشن مولود کعبہ کی تقریب،اہم شخصیات کی شرکت
اسلام ٹائمز۔ خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران، لاہور میں جشن مولود کعبہ کے سلسلے میں خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران، لاہور اور انٹرنیشنل سیرت کونسل کی جانب سے جشن مولود کعبہ کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں شہر بھر سے معروف علماء و مشائخ، مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور خواتین کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران اکبر برخورداری، پیر سید محمد حبیب عرفانی چشتی، سجادہ نشین دربار عالیہ عرفانیہ سندر شریف، مولانا غلام مصطفٰی انصاری ملتان، جاوید اکبر ساقی چئیرمین تحریک وحدت اسلامی، علی رضا کاظمی چئیرمین انٹرنیشنل سیرت کونسل پاکستان، آغا شاہ حسین قزلباش، سجادہ نشین وجیہ السیما دربار سندر شریف، محمد حسین گولڑوی خطیب جامع مسجد اہلسنت ٹھوکر نیاز بیگ، پروفیسر عبدالمجید چٹھہ، پیر انور سیفی مدنی، الحاج پیر اختر رسول قادری جمعیت علمائے پاکستان (نیازی)، پیر وقاص منور اور مولانا اسد عباس اطہر رسولنگر نے خطاب کیا۔

مقررین نے مولود کعبہ حضرت علی علیہ السلام کے فضائل بیان کئے اور ان کی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپ ؑشخصاً ایک متعادل و متوازن انسان تھے آپ نے تمام انسانی کمالات کو ایک ساتھ جمع کیا تھا آپ کے اندر عمیق اور گہرا فکر و اندیشہ بھی تھا اور لطیف و نرم انسانی جذبات بھی تھے، کمال روح و کمال جسم دونوں آپ کے اندر پائے جاتے تھے، رات کو عبادت پروردگار میں یوں مشغول ہو جاتے تھے کہ ماسوا اللہ سب سے کٹ جاتے تھے اور پھر دن میں سماج کے اندر رہ کر محنت و مشقت کیا کرتے تھے دن میں لوگوں کی نگاہیں آپ کی خدمت خلق، ایثار و فداکاری دیکھتی تھیں اور ان کے کان آپ کے موعظہ، نصیحت اور حکیمانہ کلام کو سنتے تھے، رات کو ستارے آپ کے عابدانہ آنسووں کا مشاہدہ کرتے تھے اور آسمان کے کان آپ کے عاشقانہ انداز کے مناجات سنا کرتے تھے۔ آپ مفتی بھی تھے اور حکیم بھی، عارف بھی تھے اور سماج کے رہبر بھی، زاہد بھی تھے اور ایک بہترین سیاستمدار بھی، قاضی بھی تھے اور مزدور بھی، خطیب بھی تھے اور مصنف بھی خلاصہ آپ ہر ایک جہت سے ایک انسان کامل تھے اپنی تمام خوبصورتی اور حسن کے ساتھ۔، اس کے علاوہ شعراء اور منقبت گزاروں محسن ثقفی، فراست بخاری، طاہر ناصر علی، بابر ظہیر اور منصور جعفری نے کلام بھی پیش کئے۔ تقریب کا اختتام دعا سے ہوا جس میں تمام امت مسلمہ کی وحدت، مسائل اور مشکلات کے حل کیلئے دعا کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 535640
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش