0
Thursday 28 Apr 2016 22:28

پانامہ لیکس میں نواز شریف کا نام غلطی سے ہے تو بیٹوں کے نام تو درست ہیں، سراج الحق

پانامہ لیکس میں نواز شریف کا نام غلطی سے ہے تو بیٹوں کے نام تو درست ہیں، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس میں وزیراعظم کا نام غلطی سے ڈالا گیا مگر ان کے بیٹوں کے نام تو صحیح ہیں، قومی خزانے سے کروڑوں روپے کے اشتہارات شائع کرنا بھی ایک کرپشن ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پانامہ لیکس کے بعد وزیراعظم نے 3 بار قوم سے خطاب کیا، اگر وزیراعظم کا نام غلطی سے ڈالا گیا ہے تو ان کے بیٹوں کے نام تو صحیح ہیں۔ 9 مئی کو نئی فہرست بھی آنیوالی ہے اور اب نئے نام بھی سامنے آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسروں کی بات صرف پانامہ لیکس تک محدود ہے لیکن جماعت اسلامی اداروں میں موجود کرپشن سمیت، انتخابی، اخلاقی اور عدالتی کرپشن کے بھی خلاف ہے اور یقین ہے کہ پاکستان کی کرپشن کیخلاف تحریک ضرور رنگ لائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کیخلاف تحقیقات کے حوالے سے جماعت اسلامی نے خود ٹی او آرز تیار کئے ہیں جنہیں عوام کے سامنے رکھا جائے گا۔ سراج الحق نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کروڑوں روپے کے اشتہارات جاری کئے جا رہے ہیں اور یہ ایک اور کرپشن ہے، وزیراعظم بتائیں کہ ان اشتہارات پر کتنا خرچ آیا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یکم مئی کا دن بھٹہ مزدوروں کیساتھ گزارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان سے سٹیٹس کو کو ختم کیا جانا چاہئے کیونکہ اس کے ہوتے ہوئے پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔
خبر کا کوڈ : 535746
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش