0
Sunday 6 Feb 2011 23:23

مصر،سیاسی جماعتیں آئین میں اصلاحات کیلئے کمیٹی کی تشکیل پر متفق،اخوان المسلمین نے مذاکرات ناکام قرار دے دیئے

مصر،سیاسی جماعتیں آئین میں اصلاحات کیلئے کمیٹی کی تشکیل پر متفق،اخوان المسلمین نے مذاکرات ناکام قرار دے دیئے
قاہرہ:اسلام ٹائمز-مصر میں مظاہرین نے حکومت کو ملک کی تاریخ میں پہلی بار اپوزیشن جماعت اخوان المسلمین سمیت دیگر سیاسی جماعتوں سے مذاکرات پر مجبور کر دیا۔ تاہم اخوان نے مذاکرات ناکام قرار دیئے ہیں۔ دوسری جانب صدر حسنی مبارک کے خلاف احتجاج کرنے والے عوام کے عزم و حوصلے میں تیرہویں روز بھی کمی نہیں آئی۔ دارالحکومت قاہرہ میں نائب صدر عمر سلیمان اور اپوزیشن کے مذاکرات میں اخوان المسلمین کا وفد، البرادعی کا نمائندہ، قانونی ماہرین اور ماہرین معاشیات شریک تھے۔ مذاکرات میں مصر کی سیاسی جماعتیں آئین میں اصلاحات کیلئے کمیٹی تشکیل دینے پر متفق ہو گئی ہیں۔ کمیٹی مارچ کے پہلے ہفتے سے پہلے تشکیل دی جائے گی جو عدلیہ کے ارکان اور سیاسی شخصیات پر مشتمل ہو گی۔ 
مصر کی تاریخ میں پہلی بار حکومت نے اہم اپوزیشن جماعت اخوان المسلمین سے مذاکرات کئے ہیں۔ اخوان نے نائب صدر نے صدارتی اختیارات سنبھالنے کا آئینی مطالبہ کیا، لیکن نائب صدر عمر سلیمان نے اسے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ دوسری جانب حسنی مبارک کے خلاف التحریر اسکوائر پر مظاہرہ کرنے والے لاکھوں افراد تیرہویں روز بھی جمع ہیں۔ فوج نے مظاہرین کو التحریر اسکوائر کے مخصوص حصے پر مظاہرہ کرنے کی پیشکش کی جسے اپوزیشن اتحاد نے مسترد کر دیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ صدر حسنی مبارک کے استعفے پر ہی علاقہ خالی کریں گے۔ انہوں نے جمال مبارک اور حکمراں جماعت کی دیگر قیادت کے استعفے بھی مسترد کر دیئے۔ سیاحتی مقامات اور کاروباری مراکز کی بندش سے حکومت پر معاشی دباوٴ بڑھتا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں بینک کھول دیئے گئے، جہاں اکاوٴنٹ ہولڈرز کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ اے ٹی ایم سے رقم نکالنے والوں کی بھی بڑی تعداد جمع تھی۔ اسٹاک مارکیٹ پیر کو بھی بند رہے گی۔ اسٹاک مارکیٹ حکام کا کہنا ہے دباوٴ کے باعث اسٹاک مارکیٹ دوبارہ کریش کر سکتی ہے۔

خبر کا کوڈ : 53585
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش