QR CodeQR Code

میاں جی جان دیو، ساڈی واری آن دیو والوں کی باری نہیں آئے گی، نواز شریف

30 Apr 2016 19:54

اسلام ٹائمز: گورنر ہاؤس لاہور میں سینئر صحافیوں اور اینکرز سے ملاقات میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس میں میرا نہیں میرے بچوں کا نام آیا ہے، حکومت کو قبل از وقت تبدیل کرنیوالوں کو جان لینا چاہئے کہ جمہوریت کو ڈی ریل کرنے سے پاکستان ماضی میں چلا جائے گا۔ عوام کے مینڈیٹ سے بننے والی حکومت کا احترام کرنا چاہئے اور ملک میں ہونیوالے بلاجواز احتجاج کو ختم ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا ملک کو مضبوط بنانے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ خود کو اور اپنے خاندان کو سپریم کورٹ کے حوالے کر دیا، چیف جسٹس چاہیں تو ٹی او آرز بدل سکتے ہیں، عمران خان صرف بدکلامی کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گورنر ہاﺅس لاہور میں سینئر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں نے خود کو اور اپنے خاندان کو سپریم کورٹ کے حوالے کر دیا۔ سپریم کورٹ جیسے چاہے تحقیقات کرے ہم تعاون کریں گے۔ گورنر ہاﺅس میں ہونیوالی اس نشست میں صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کمیشن میں چیف جسٹس نے طریقہ کار وضع کرنا ہے، چیف جسٹس چاہیں تو ٹی او آرز میں خود بھی تبدیلی کر سکتے ہیں اور دوسروں سے بھی کروا سکتے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر برس پڑے۔ انہوں نے کہا عمران خان کو نہ سیاست کا طریقہ آتا ہے نہ ہی شعور ہے وہ صرف بدکلامی کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا پتہ نہیں عمران خان کہاں کی سیاست کرتے ہیں، وہ چاہتے ہیں انہیں نواز شریف نظر نہ آئے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا ”میاں جی جان دو ساڈی واری آن دو“ والوں کی باری نہیں آئے گی، روڑے اٹکانا ملکی مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا بچگانہ سیاست کے بجائے سنجیدہ سیاست کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے کہا جس کو اپنی مقبولیت کا غرور ہے وہ 2018 کا انتظار کرے میں نہ پہلے کسی کے سامنے جھکا ہوں نہ ہی اب جھکوں گا۔ صحافی کے اس سوال پر کہ عمران خان کا کیا علاج ہے آپ کے پاس؟ تو وزیراعظم نے مسکراتے ہوئے کہا کہ آپ جانتے ہیں کہ عمران خان لاعلاج ہیں۔ علاوہ ازیں نواز شریف کا کہنا تھا کہ میرے خاندان کا پہلی بار احتساب نہیں ہو رہا، ہمارا ہمیشہ احتساب ہوتا ہے، ماضی کی حکومتوں نے ہمیں ٹارگٹ کیا، مشرف نے 9 سال احتساب کیا لیکن کچھ نہ نکلا۔ انہوں نے کہا نہ کرپشن کی سیاست کی، نہ کک بیکس لئے نہ ہی کبھی رشوت کا الزام لگا۔ نواز شریف کا دامن کرپشن سے پاک ہے کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا، ہنگامہ کرنیوالے میرے نہیں ملکی ترقی کے دشمن ہیں، عوام کی خدمت کے جذبے سے سیاست میں آئے ہیں اور مسلسل خدمت کر رہے ہیں۔ 2018 کے بعد بھی وقت ملا تو عوامی سیاست کریں گے۔ انہوں نے کہا پاناما لیکس میں میرا نہیں میرے بچوں کا نام آیا ہے، حکومت کو قبل از وقت تبدیل کرنیوالوں کو جان لینا چاہئے کہ جمہوریت کو ڈی ریل کرنے سے پاکستان ماضی میں چلا جائے گا۔ عوام کے مینڈیٹ سے بننے والی حکومت کا احترام کرنا چاہئے اور ملک میں ہونیوالے بلاجواز احتجاج کو ختم ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا ملک کو مضبوط بنانے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 536080

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/536080/میاں-جی-جان-دیو-ساڈی-واری-والوں-کی-باری-نہیں-آئے-گی-نواز-شریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org