0
Sunday 1 May 2016 20:19

ایم ڈبلیو ایم پاکستان میں عوامی انقلاب کی خواہاں ہے، حقیقی انقلاب شفاف الیکشن سے ممکن ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

ایم ڈبلیو ایم پاکستان میں عوامی انقلاب کی خواہاں ہے، حقیقی انقلاب شفاف الیکشن سے ممکن ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر مسلم لیگ نون کی حکومت اخلاقی جواز کھوچکی ہے، اس حکومت سے کسی قسم کی کوئی خیر کی توقع نہیں ہے، حکومت کے افراد خود معاشی دہشت گردی میں ملوث ہیں اور خود ہی ٹی آر اوز بنا کر عوام کو لولی پاپ دینے کے چکر میں ہیں۔ یہ پاکستان حکومت ہی ہے جو مجرم بھی خود ہے اور منصف بھی خود ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنما خواجہ عامر فرید کوریجہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ عبدالخالق اسدی، علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ غلام عباس یزدانی، علامہ طاہر عباس نقوی، علامہ حسن رضا ہمدانی، علامہ اقبال حسین کامرانی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، میجر اقبال چغتائی، رائو عارف رضوی اور دیگر رہنما موجود تھے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں عوامی انقلاب کی خواہاں ہے، پاکستان میں کسی بھی قسم کی ڈکٹیٹر شپ کی سخت مخالفت کرتے ہیں۔ پاکستان میں حقیقی عوامی انقلاب شفاف الیکشن سے ممکن ہے۔ ایک سوال کے جواب میں علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، اپوزیشن جماعتیں اس بار حکومت کی معاشی دہشت گردی کو بے نقاب کریں گی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ایم ڈبلیو ایم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ جنوبی پنجاب کو انتظامی بنیادوں پر الگ صوبہ بنایا جائے، تاکہ اس خطے کی محرومیاں دور ہوسکیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ عامر فرید کوریجہ نے کہا کہ لیہ میں 30 سے زائد افراد کی جانوں کا ذمہ دار کون ہے؟ اُنہوں نے پنجاب حکومت کو واقعہ کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر سانحہ ماڈل ٹائون کے بے گناہوں کے خون کو نہ دبایا جاتا تو اس طرح کے واقعات رونما نہ ہوتے۔ ہم مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے جنوبی پنجاب کے حوالے سے اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہیں اور وفاقی حکومت سے اس خطے کی محرومیاں دور کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 536260
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش