QR CodeQR Code

پشاور، طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری مشتعل، احتجاجی مظاہرہ

2 May 2016 23:56

اسلام ٹائمز: شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں دس سے سولہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے، جبکہ گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھ گیا ہے، جس کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے اور پیسکو آفس کا گھیراو کرلیا۔


اسلام ٹائمز۔ صوبائی دارالحکومت پشاور اور اس کے ملحقہ علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف علاقوں میں دس سے سولہ گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ جس کے خلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرے شروع کردیئے ہیں۔ پشاور میں گرمی کی شدت کے ساتھ ہی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے، جس کے خلاف ہزار خوانی کے مکینوں نے رنگ روڈ جمیل چوک کے مقام پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے روڈ پر ٹائر جلا کر سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ دن میں صرف کبھی کبھار بجلی ہوتی ہے، جبکہ بارہ گھنٹے نہیں ہوتی۔ مظاہرین نے مطالبات تسلیم نہ ہونے تک روڈ پر احتجاجی کیمپ لگا دیا اور روڈ کو دونوں اطراف سے بند کردیا۔ پشاور کے نواحی علاقے شاہ عالم پل میں بھی مکینوں نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور چارسدہ روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رکھا۔ پشاور شہر میں اس وقت دس گھنٹے جبکہ نواحی علاقوں میں سولہ گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 536479

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/536479/پشاور-طویل-لوڈشیڈنگ-کے-خلاف-شہری-مشتعل-احتجاجی-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org