0
Friday 6 May 2016 12:35

کرپشن کیس، ڈاکٹر عاصم پر فرد جرم عائد

کرپشن کیس، ڈاکٹر عاصم پر فرد جرم عائد
اسلام ٹائمز۔ کرپشن ریفرنس کیس میں سابق وزیر پیٹرولیم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر 5 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔ ڈاکٹر عاصم حسین کو سخت سیکیورٹی میں کراچی کی احتساب عدالت پہنچایا گیا، جہاں ان کے خلاف 462 ارب روپے کے کرپشن ریفرنس کی جج سعد قریشی کی عدالت میں سماعت ہوئی۔ نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمان پر زمینوں کی الاٹمنٹ میں جعل سازی، زمینوں کی غیر قانونی منتقلی، قدرتی گیس کے کوٹے کی غیر منصفانہ تقسیم اور منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی۔ دیگر ملزمان میں سیکریٹری پیٹرولیم اعجاز چوہدری، کے ڈی اے ڈائریکٹرز سید اطہر حسین اور مسعود حیدر جعفری, کراچی ڈاک لیبر بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر صفدر حسین اور ضیا الدین میڈیکل سینٹر دبئی کے ایڈمنسٹریٹر عبد الحمید شامل ہیں۔

ڈاکٹر عاصم نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر بنائے گئے مقدمات جھوٹے ہیں، جبکہ فرد جرم میں میرا موقف بھی شامل کیا جائے۔ اس موقع پر پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ فرد جرم میں صرف اعتراف یا صحت جرم سے انکار لکھا جاتا ہے۔ تاہم عدالت نے ڈاکٹر عاصم کی درخواست منظور کرتے ہوئے فرد جرم میں ان کا موقف بھی شامل کر لیا۔ ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ ریفرنس میں صرف وزن بڑھانے کے لیے غیر ضروری دستاویزات شامل کی گئی ہیں۔ احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہوں کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 14 مئی تک ملتوی کر دی۔
خبر کا کوڈ : 537044
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش