0
Saturday 7 May 2016 01:04

نوازشریف اپوزیشن کے ٹی او آرز سے اپنے ساتھ میرا بھی احتساب کرلیں، عمران خان

نوازشریف اپوزیشن کے ٹی او آرز سے اپنے ساتھ میرا بھی احتساب کرلیں، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے دیئے گئے ٹی او آرز بالکل ٹھیک ہیں اور وزیراعظم ان سے اپنے احتساب کے ساتھ میرا بھی احتساب کرلیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب پاناما لیکس کے معاملے پر جواب دینے کے بجائے ملک کے دورے کرکے یہاں وہاں کی باتیں کر رہے ہیں حالانکہ ان کو بنیادی سوالوں کے جواب دینا ہے کہ پیسا کیسے بنایا، کیسے ملک سے باہر بھیجا اور ٹیکس کتنا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے دیگر حکمرانوں کی طرح نوازشریف کا نام بھی پاناما لیکس میں آیا ہے اور یاد رکھیں آپ وزیراعظم ہیں اگر آپ ٹیکس نہیں دیں گے تو اور کوئی کیسے اور کیوں دے گا۔ چیئرممین تحریک انصاف نے کہا کہ میاں صاحب کہتے ہیں کہ دھرنے نے ملک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالی جب کہ ہم نے صرف 4 حلقے کھولنے کے لیے کہا تھا اور ڈھائی سال بعد ان حلقوں میں فراڈ نکلا اور انہیں پتا ہونا چاہیے کہ احتجاج تو جمہوریت کا حسن ہے تو یہ دہشت گردی کیسے ہوگئی، ہم رائیونڈ ضرور جائیں گے اور احتجاج کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتوں کا کام لوگوں کو بلیک میل کرنا نہیں ہوتا بلکہ ان کا کام تو مجرموں کو پکڑنا اور اپوزیشن کا کام غلط چیزوں کی نشاندہی کرنا ہے، دراصل میاں صاحب اس معاملے کو طول دینا چاہتے ہیں کیوں کہ وہ اب ضمیروں کے سودا گر بنیں گے اور ماضی کی طرح ججز، جرنیل، سیاستدانوں اور صحافیوں کو خریدنے کی کوشش کریں گے لیکن پاکستان اب پہلے سے بدل چکا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے اپوزیشن کی جانب سے دیئے گئے ٹی او آرز بالکل ٹھیک ہیں، وزیراعظم ان سے اپنے احتساب کے ساتھ میرا احتساب بھی کرلیں اور اگر ایسا ہو گیا تو یہ پاکستان کی تاریخ میں اہم موڑ ثابت ہوگا اور اس سے ملک کا فائدہ ہوگا لیکن اگر آپ اپنے مقصد میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو پاکستان تباہی کی طرف چلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں 2 تحریکیں چل رہی ہیں ایک کرپشن بچاؤ اور دوسری کرپشن ہٹاو، آپ کرپشن بچاؤ تحریک چلا رہے ہیں جس میں اگر آپ کامیاب ہو گئے تو یہ اس ملک کی بدقسمتی ہوگی جب کہ دوسری طرف آپ کے خلاف کرپشن ہٹاؤ تحریک چل رہی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے مولانا فضل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کرپشن بچاؤ تحریک میں کیسے چلے گئے آپ تو عالم دین ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب جانتے ہیں پنجاب میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کون کر رہا تھا۔
خبر کا کوڈ : 537122
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش