0
Tuesday 8 Feb 2011 00:16

کالعدم تحریک طالبان کرم ایجنسی نے اسلام آباد امن معاہدے کی مکمل حمایت اور عملدرآمد کا اعلان کر دیا

کالعدم تحریک طالبان کرم ایجنسی نے اسلام آباد امن معاہدے کی مکمل حمایت اور عملدرآمد کا اعلان کر دیا
پارا چنار:اسلام ٹائمز۔کالعدم تحریک طالبان کرم ایجنسی نے اسلام آباد امن معاہدے کی مکمل حمایت اور اس پر عملدرآمد کا اعلان کر دیا۔ گزشتہ روز صحافیوں کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک طالبان کرم ایجنسی کے امیر مولانا فضل سعید حقانی نے کہا کہ چونکہ تحریک طالبان کے مشران کی مشاورت سے یہ معاہدہ طے ہوا اور جرگہ کی طرف سے مقررہ مدت کے بعد اب کرم ایجنسی کے تمام راستے بحال ہیں کسی پر پابندی نہیں بلا خوف و خطر ہر کوئی آمدورفت کر سکتا ہے۔ لہذا تحریک طالبان کی جانب سے معاہدے کی کسی قسم کی خلاف ورزی نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی معاہدے کی خلاف ورزی اسلام میں حرام ہے اس لئے ہم معاہدے پر ثابت قدم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیاں غلط ہیں، ہم اس کے مخالف ہیں۔ انہوں نے کارکنان کو پیغام دیا کہ وہ معاہدے کی خلاف ورزی نہ کریں بلکہ یہاں آ کر ایجنسی کو آباد کریں، معاہدہ توڑنا حرام ہے اور یہ ہمارا شیوہ نہیں کہ اسلام کے خلاف قدم اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مخالف فریق نے خلاف ورزی کی تو معاہدے کی رو سے حکومت اور جرگہ ممبران کو بتائیں گے جو 15 دن کے اندر اندر ان کے خلاف ایکشن لیں گے، اگر حکومت و جرگہ نے ایکشن نہ لیا تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ امن معاہد ے کو قبول کرنے سے ثابت ہو گیا ہے کہ تحریک طالبان ہی کرم ایجنسی کے باشندوں کے قتل میں ملوث ہے اور اب تک جتنے بھی بے گناہ شہری قتل ہو چکے ہیں ان کا مقدمہ بھی تحریک طالبان پر درج ہونا چاہیے، تاکہ بے گناہ شہید ہونے والوں کے ورثاء کو ریلیف مل سکے۔
خبر کا کوڈ : 53753
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش