QR CodeQR Code

امریکہ کی خواہش اور خواب کے برخلاف بشار الاسد اقتدار میں باقی رہیں گے، جنرل فیروزآبادی

12 May 2016 19:37

اسلام ٹائمز: جمعرات کے روز تہران سے جاری اپنے بیان میں ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف کا کہنا تھا کہ موجودہ امریکی حکومت صدارتی انتخابات میں اپنی پارٹی کی کامیابی دہشتگردوں کی حمایت اور شامی عوام کا خون بہا کر حاصل کرنا چاہتی ہے اور بشار الاسد کو اقتدار سے ہٹانے کی باتیں بھی اسی تناظر میں کر رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل حسن فیروز آبادی نے کہا ہے کہ شام کے صدر بشار الاسد اقتدار میں باقی رہیں گے ۔ ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف نے جمعرات کو اپنے بیان میں شام میں دہشت گرد گروہوں کے جرائم کے لئے علاقے کے بعض ممالک اور مغرب کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے پانچ برسوں سے شام میں دہشت گردوں کی حمایت، داعش کے وحشیانہ جرائم کو ہوا دینے اور عام شہریوں کا خون بہانے کے بعد بھی شام کے عوام کو جھکنے پر مجبور نہیں کیا جاسکا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ امریکی حکام بشار الاسد کو اقتدار سے ہٹانے کے اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے، کہا کہ امریکا کی خواہش اور خواب کے برخلاف بشار الاسد اقتدار میں باقی رہیں گے اور شامی عوام کی کامیابی کے بعد ذلت و روسیاہی جنگ پسندوں کا مقدر بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت اس وقت شام میں جنگ کو جاری رکھ کر امریکا کے آئندہ صدارتی انتحابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔ جنرل فیروزآبادی نے کہا کہ موجودہ امریکی حکومت صدارتی انتخابات میں اپنی پارٹی کی کامیابی دہشت گردوں کی حمایت اور شامی عوام کا خون بہا کر حاصل کرنا چاہتی ہے اور بشار الاسد کو اقتدار سے ہٹانے کی باتیں بھی اسی تناظر میں کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ ابھی حال ہی میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے پیرس میں اپنے ایک بیان میں دھمکی دی تھی کہ اگر بشار الاسد نے اقتدار سے کنارہ کشی نہ کی تو انہیں بھاری قیمت ادا کرنا ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 538294

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/538294/امریکہ-کی-خواہش-اور-خواب-کے-برخلاف-بشار-الاسد-اقتدار-میں-باقی-رہیں-گے-جنرل-فیروزآبادی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org