0
Sunday 15 May 2016 13:33

مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے تہران میں بین الاقوامی الاقصٰی کانفرنس کا انعقاد

مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے تہران میں بین الاقوامی الاقصٰی کانفرنس کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ سرزمین فلسطین پر جعلی صیہونی حکومت کی تا‎سیس کی برسی یوم نکبہ کے موقع پر تہران میں بین الاقوامی الاقصٰی کانفرنس شروع ہوگئی۔ اسلامی جمہوری ایران کی عدلیہ کے سربراہ آیت اللہ آملی لاریجانی نے کانفرنس کی افتتاحیہ تقریب سے خطاب میں مسئلہ فلسطین کو عالم اسلام اور دنیائے کفر کے درمیان جنگ قرار دیا ہے۔ ایران کے دارالحکومت تہران میں فلسطین کی حامی دنیا کی غیر سرکاری تنظیموں کی یونین کے اراکین کی شرکت سے اتوار کو دو روزہ بین الاقوی الاقصٰی کانفرنس شروع ہوئی۔ الاقصٰی سے یکجہتی تہران کانفرنس کا سلوگن ہے۔ اس کانفرنس کا مقصد مظلوم فلسطینی قوم سے یکجہتی کا اعلان ہے۔ ایران کی عدلیہ کے سربراہ آیت اللہ صادق آملی لاریجانی نے کانفرنس کی افتتاحیہ تقریب سے خطاب میں مسئلہ فلسطین کو اسلامی دنیا کا اولین اور اہم ترین مسئلہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران کے بانی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے اسلامی انقلاب کے کامیاب ہونے سے پہلے ہی اپنی اسلامی تحریک کے دوران بارہا مسئلہ فلسطین کی طرف پوری دنیا کی توجہ مبذول کرائی تھی۔

آیت اللہ صادق آملی لاریجانی نے مزید کہا کہ فلسطین میں صرف فلسطینیوں اور غاصب صیہونی حکومت کے درمیان جنگ نہیں ہو رہی ہے بلکہ یہ عالم اسلام اور دنیائے کفر کی جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغرب والے انسانی حقوق کے بارے میں اپنا نقطہ نگاہ پوری دنیا میں رائج کرنا چاہتے ہیں لیکن مسئلہ فلسطین کے بارے میں ان کا موقف ثابت کرتا ہے کہ انسانی حقوق کے بارے میں ان کے دعوے کھوکھلے ہیں۔ آیت اللہ صادق آملی لاریجانی نے کہا کہ مغرب والوں سے پوچھنا چاہئے کہ مظلوم فلسطینی عوام کے انسانی حقوق کی حمایت میں انہوں نے کیا کیا ہے؟  ایران کی عدلیہ کے سربراہ نے تہران میں جاری بین الاقوامی الاقصٰی کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ امریکی حکام حزب اللہ کو دہشت گرد کہتے ہیں، جبکہ حزب اللہ کا جرم صرف یہ ہے کہ یہ تنظیم اپنے ملک اور اسلامی دنیا کا دفاع کرتی ہے اور دنیا کے مسلمان عوام حزب اللہ کے شیدائی ہیں۔ آیت اللہ صادق آملی لاریجانی نے کہا کہ امریکہ ہزاروں کلومیٹر دور سے آکر مشرق وسطٰی کے ملکوں پر حملہ کرتا ہے اور دوسرے ملکوں کو دہشت گرد کہتا ہے۔

فلسطین کی حامی غیر سرکاری تنظیموں کی یونین کی سیکرٹری جنرل زہرا مصطفوی نے بھی اس بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ جیسا کہ حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے، امت اسلامیہ کے اتحاد سے ہی فلسطین کو آزاد کرایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے کی بعض حکومتیں صیہونی حکومت کی حمایت کرتی ہیں اور یمن پر حملہ کرکے غاصب صیہونی حکومت کے اہداف پورے کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ فلسطین کی حامی غیر سرکاری تنظیموں کی بین الاقوامی یونین دو ہزار ایک میں تہران میں قائم ہوئی تھی۔ اس وقت دنیا کی پینتیس غیر سرکاری تنظیمیں اس یونین میں شامل ہیں۔ فلسطین کی حامی غیر سرکاری تنظیموں کی بین الاقوامی یونین کا اجلاس ہر دوسرے سال دنیا کے کسی ایک ملک میں منعقد ہوتا ہے۔ اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ اور عالمی سطح پر صیہونی حکومت کے خلاف سرگرمیوں اور اقدامات میں ہم آہنگی لانا یونین کے اہداف میں شامل ہے۔
خبر کا کوڈ : 538705
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش