0
Monday 16 May 2016 12:02

عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی کے بعد عتاب کا شکار ہونیوالے پولیس افسر کے اہم انکشافات

عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی کے بعد عتاب کا شکار ہونیوالے پولیس افسر کے اہم انکشافات
اسلام ٹائمز۔ لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ کے دوران تفتیش جوائنٹ انٹروگیشن ٹیم کے سامنے انکشاف کے بعد عتاب کا شکار ہونے والے ایک سب انسپکٹر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر نجی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اعلٰی پولیس افسران کو گھاس منڈی والے اعجاز سیٹھ سے رقم بھجوائی جاتی تھی۔ اس وقت کے وفاقی و صوبائی وزراء عذیر بلوچ سے ملنے لیاری آتے تھے، اکثر عذیر بلوچ بھی بلاول ہاؤس جایا کرتا تھا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس افسر نے بتایا کہ لیاری گینگ وار و کالعدم پیپلز امن کمیٹی کے سرغنہ عذیر بلوچ سے ملاقات کیلئے لیاری آنے والوں میں اس وقت کے سی سی پی او وسیم احمد، امیر شیخ، نوید خواجہ کے علاوہ اس وقت کے ڈپٹی کمشنر ساؤتھ قاضی جمال شامل تھے، جبکہ سیاسی لوگوں میں اسپیکر سندھ اسمبلی سراج درانی، سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن، ظفر لغاری، مکیش کمار چاؤلہ، اس وقت کے صوبائی وزیر داخلہ اور دیگر شامل تھے۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ سیاسی رہنماؤں اور پولیس افسران کے حکم پر ان وقت کے لیاری ٹاؤن میں تعینات ایس ایچ اوز بابر حمید، جاوید بلوچ، امتیاز نیازی، عابد تنولی، یوسف بلوچ اور ڈی ایس پیز پروٹوکول کیلئے عذیر بلوچ کی رہائش گاہ جاتے تھے، جبکہ اس وقت کے صوبائی وزیر داخلہ اور پولیس کے اعلیٰ افسران کے حکم پر عذیر بلوچ کا حکم اپنے افسر کا حکم سمجھتے ہوئے مانتے تھے۔ عذیر بلوچ کا حکم نہ ماننے والے کو موت کا خوف بھی ہوتا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ اکثر جب عذیر بلوچ بلاول ہاؤس جاتا تھا تو اس کا پروٹوکول کسی صوبائی وزیر سے کم نہیں ہوتا تھا۔

انکشافات کرتے ہوئے پولیس افسر نے بتایا کہ اعلٰی پولیس افسران راجہ عمر خطاب، فیاض خان اور فاروق اعوان کو وسیم بیٹر کے ذریعے رقم بھجوائی جاتی تھی۔ تحقیقاتی ٹیم سامنے پیشی کیلئے بلائے جانے والے انسپکٹر، سب انسپکٹر اور اے ایس سمیت 6 پولیس ملازمین اتوار کو ایک مقام پر جمع ہوئے تھے، جہاں انھوں نے تحقیقاتی ٹیم کے سوالوں کے جواب دینے کیلئے آپس میں مشاورت کی، اور آخری فیصلہ یہ کیا کہ اگر ان کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کی گئی، تو وہ نہ صرف کراچی پریس کلب میں صحافیوں کو حقیقت سے آگاہ کریں گے، بلکہ عدالت جانے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 538804
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش