QR CodeQR Code

ملی یکجہتی کونسل نے بھی علامہ ناصر عباس کی بھوک ہڑتال کی حمایت کر دی

16 May 2016 13:50

اسلام ٹائمز: رہنماوں سے گفتگو میں علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے بےحسی کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے، پشاور اور ڈیرہ اسماعیل خان میں پروفیشنلز کو چن چن کر قتل کیا گیا، لیکن پی ٹی آئی کے کسی وزیر نے شہداء کے خانوادوں کی اشک شوئی تک نہ کی، حتٰی ان واقعات کی مذمت تک نہ کی۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی قیادت میں ملی یکجہتی کونسل کے نمائندہ وفد نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے احتجاجی کیمپ میں ملاقات کی اور ان سے اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری دہشت گردی، کرپشن اور لاقانونیت کے خلاف علامہ ناصر عباس کی جدوجہد اصولی ہے اور انہوں نے اپنے عملی اقدامات سے ثابت کیا ہے کہ ان کے دل میں اپنی قوم کا بےپناہ درد موجود ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کے مطالبات جائز اور قوم و ملک کے مفاد میں ہیں۔ ملک میں امن کے قیام کے لیے ان مطالبات کی منظوری ازحد ضروری ہے۔ ملی یکجہتی کونسل کے اراکین نے مجلس وحدت مسلمین کو مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل میں موجود جماعتیں اسمبلی میں بھی مجلس وحدت مسلمین کی اس آواز کو بلند کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو ملی یکجہتی کونسل اپنی بھرپور عوامی طاقت کے ساتھ مجلس وحدت مسلمین کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی۔ انہوں نے علامہ ناصر عباس کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی صحت و تندرستی کے لیے دعا کی ہے۔

علامہ ناصر عباس نے وفد کے اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم محب وطن لوگ ہیں اور ملک دشمن عناصر کے خلاف قانونی آئینی جدوجہد اپنے بھرپور عزم و حوصلے کے ساتھ جاری رکھیں گے۔ پاکستان کی وفاقی حکومت اور خیبر پختونخواہ کی حکومت دونوں بےحس ہو چکے ہیں۔ اقتدار کے حصول کے بعد انہوں نے اپنے آپ کو فرعون سمجھ لیا ہے۔ یہ رعونت ہی ان کے زوال کا باعث بنے گی۔ ہمارے افراد چن چن کر قتل کیے جا رہے ہیں اور حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔ ہم اس ملک کے باوقار اور ذمہ دار شہری ہیں۔ اب ان حکومتی مظالم اور ریاستی جبر کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ملی یکجہتی کونسل کے وفد میں نائب امیر و سابق ایم این اے میاں اسلم، جمعیت علمائے اسلام کے پیر ناصر جمیل اور علامہ ثاقب اکبر کے علاوہ دیگر نامور مذہبی شخصیات بھی موجود تھیں جبکہ مجلس وحدت مسلمین کی طرف سے مرکزی رہنما علامہ حسنین گردیزی، سید ناصر شیرازی، سید اسد نقوی سمیت دیگر مرکزی رہنما بھی ملاقات میں شریک تھے۔


خبر کا کوڈ: 538830

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/538830/ملی-یکجہتی-کونسل-نے-بھی-علامہ-ناصر-عباس-کی-بھوک-ہڑتال-حمایت-کر-دی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org