QR CodeQR Code

مسلمانوں کے گلے کاٹنا کوئی اسلام نہیں ہے، خورشید شاہ

16 May 2016 22:42

اسلام ٹائمز: مفتی محمدجان نعیمی سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک میں جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں، جمہوری سسٹم کو رول بیک کرنے کی کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ قائد حزب اختلاف سید خورشید احمدشاہ نے کہا ہے کہ اسلام کے فروغ اور ترویج و اشاعت میں مدارس اہلسنّت کا کردار اہم اور ناقابل فراموش ہے، اسلام کے نام پر دہشت گردی نے پاکستان کو پوری دنیا میں بدنام کیا، مسلمانوں کے گلے کاٹنا کوئی اسلام نہیں ہے، لعل شہباز قلندر اور شاہ عبداللطیف بھٹائی کی سرزمین امن و آشتی کا گہوارا ہے، اسلام کے حقیقی چہرے کو دنیا کے سامنے پیش کرنے والوں کے ساتھ ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے دارالعلوم مجددیہ نعیمیہ (ٹرسٹ) ملیر کراچی میں مفتی اعظم سندھ صاحبزادہ مفتی محمد جان نعیمی سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہیں، اس موقع پر صاحبزادہ مفتی نذیر احمد جان نعیمی، سردار سید ضیاء اللہ شاہ جیلانی آف کارونڈی شریف و دیگر بھی موجود تھے جبکہ نامزد چیئرمین ضلع کونسل کراچی سلمان عبداللہ مراد، سابق ناظم گڈاپ ٹاؤن غلام مرتضیٰ بلوچ، چیئرمین زکٰوۃ و عشر کمیٹی ضلع ملیر نعمان عبداللہ مراد و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔

میڈیا کے نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک میں جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں، جمہوری سسٹم کو رول بیک کرنے کی کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے اور کسی صورت جمہوریت کو ڈی اسٹیبلائزڈ نہیں ہونے دیں گے، پانامہ لیکس کے معاملے پر پارٹی میں کوئی دورائے نہیں، جس نے کرپشن سے مال بنایا اس کا احتساب ہونا چاہیئے۔ جو لوگ دوسروں پر کیچڑ اچھال رہے تھے، آج انہی کی طرف انگلیاں اٹھ رہی ہیں، یوسف رضا گیلانی سے استعفیٰ مانگنے والے خود بھی مستعفی ہوکر اخلاقی جرأت کا مظاہرہ کریں۔ اس موقع پر مفتیء اعظم سندھ صاحبزادہ محمد جان نعیمی نے کہا کہ اسلام امن و آشتی، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اسلام میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، مدارس اہلسنّت اسلام اور بزرگان دین کے اسی فلسفے پر کاربند رہتے ہوئے علم دین کے فروغ میں مشغول ہیں اور انتہائی نامساعد حالات اور مشکلات کے باوجود دین کی تعلیم عام کررہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 538963

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/538963/مسلمانوں-کے-گلے-کاٹنا-کوئی-اسلام-نہیں-ہے-خورشید-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org