QR CodeQR Code

کفر کا محاذ آخر کار اسلامی انقلاب کے محاذ کے مقابلے میں پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہوگا

امریکہ طاغوت اعظم اور سب سے بڑا شیطان ہے، دشمن مقتدر اور طاقتور اسلام سے خائف ہے، سید علی خامنہ ای

امریکی پالیسیوں کو آگے بڑھانے والے درحقیقت امت اسلامیہ سے خیانت اور امریکہ کے اثرورسوخ کا راستہ ہموار کر رہے ہیں

18 May 2016 14:32

اسلام ٹائمز: بدھ کو تہران میں قرآن کریم کے تینتیسویں بین الاقوامی مقابلوں کے شرکاء سے خطاب میں رہبر انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ بعض اسلامی ممالک خدا سے تمسک اختیار کرنے کی بجائے طاغوت سے تمسک اختیار کئے ہوئے ہیں، وہ ممالک جو علاقے میں امریکی پالیسیوں کو آگے بڑھا رہے ہیں درحقیقت وہ امت اسلامیہ سے خیانت اور امریکہ کے اثرورسوخ کا راستہ ہموار کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے قرآن کریم کو امت اسلامیہ کے اتحاد کا محور قرار دیا ہے۔ تہران میں منعقد ہونے والے قرآن کریم کے تینتیسویں بین الاقوامی مقابلوں کے شرکاء نے بدھ کو رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات کی۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں کہا کہ ایک ایسے وقت جب سامراج کا مقصد مسلمانوں کے درمیان اختلاف اور تفرقہ پیدا کرنا ہے، امت اسلامیہ کو چاہئے کہ وہ اس الٰہی نعمت سے تمسک اختیار کرکے اتحاد کے راستے پر قدم بڑھائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ امریکہ سب سے بڑا طاغوت اور بڑا شیطان ہے کہا کہ آج علما، دانشوروں اور روشن خیال افراد کی سب سے بڑی ذمہ داری دشمنوں کی فریب کاریوں کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنا ہے اور امت اسلامیہ کو بھی چاہئے کہ وہ بڑی طاقتوں کے وعدوں پر یقین نہ کرے اور ان کی دھمکیوں سے مرعوب نہ ہو۔

رہبر انقلاب اسلامی نے قرآن کریم کو امت اسلامیہ کے اتحاد کا محور قرار دیا اور اسلام و امت اسلامیہ پر ضرب لگانے کے حوالے سے طاغوتی طاقتوں کی وسیع پیمانے پر انجام دی جانے والی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا یہ طاقتیں جانتی ہیں کہ اگر مسلمان طاقتور ہوجائیں گے تو پھر وہ قوموں پر ظلم نہیں ڈھا سکیں گی اور فلسطین کے مسئلے کو جو ایک اسلامی ملک پر غاصبانہ قبضے کا مسئلہ ہے، فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اس بات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہ بعض اسلامی ممالک خدا سے تمسک اختیار کرنے کی بجائے طاغوت سے تمسک اختیار کئے ہوئے ہیں کہا کہ وہ ممالک جو علاقے میں امریکی پالیسیوں کو آگے بڑھا رہے ہیں درحقیقت وہ امت اسلامیہ سے خیانت اور امریکہ کے اثرورسوخ کا راستہ ہموار کر رہے ہیں۔

آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے امریکہ کی توسیع پسندی اور بیجا مطالبات کے مقابلے میں ایرانی عوام کی استقامت و پامردی اور ان کے ایمان محکم کو اسلامی جمہوریہ ایران کی قوت و عظمت کا اصل محرک قرار دیا اور کہا کہ ایرانی عوام سے بڑی طاقتوں کے خوف و ہراس اور ایرانی عوام کے خلاف ان طاقتوں کی طرح طرح کی سازشوں کی وجہ، اسلامی تعلیمات کی بنیاد پر استوار اسلامی جمہوری نظام ہے اور دشمن، مقتدر اور طاقتور اسلام سے خائف ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے علاقے میں تکفیری دہشت گرد گروہوں کو وجود میں لانے اور دشمنوں کی نیابت میں مسلمانوں کے درمیان جنگ اور اختلاف پیدا کئے جانے کو گمراہی اور عوام کو اندھیرے میں رکھے جانے کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ اس میں شک نہیں کہ کفر کا محاذ آخر کار اسلامی انقلاب کے محاذ کے مقابلے میں پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 539577

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/539577/امریکہ-طاغوت-اعظم-اور-سب-سے-بڑا-شیطان-ہے-دشمن-مقتدر-طاقتور-اسلام-خائف-سید-علی-خامنہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org