QR CodeQR Code

فلوجہ کی آزادی کا وقت قریب آچکا، داعش کے پاس فرار کے سوا کوئی راستہ نہیں

عراقی وزیراعظم حیدر العبادی کیجانب سے فلوجہ میں داعش کیخلاف فوجی آپریشن کا اعلان

23 May 2016 08:26

اسلام ٹائمز: عراقی وزیر اعظم اور مسلح افواج کے کمانڈر حیدر العبادی نے پیر کی صبح کو فلوجہ کو آزاد کرانے کی کارروائی کا حکم صادر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ شہر عنقریب ہی آزاد ہوجائے گا اور اس شہر پر عراقی پرچم لہرائے گا۔ خبروں میں کہا گیا ہے کہ عراق کے 20 ہزار فوجی فلوجہ کو آزاد کرانے کے لئے آمادہ ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے فلوجہ میں داعش کے خلاف فوجی آپریشن کا اعلان کر دیا۔ شہریوں نے نقل مکانی شروع کر دی۔  عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے فلوجہ شہر سے داعش کا قبضہ چھڑانے کے لئے آپریشن کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلوجہ کی آزادی کا وقت قریب آچکا ہے اور داعش کے پاس فرار ہونے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔  بغداد کے مغرب میں واقع فلوجہ شہر پر جنوری دو ہزار چودہ سے داعش کے جنگجووں کا قبضہ ہے۔ آپریشن میں عراقی فوج، انسداد دہشتگردی کی فورسز اور مقامی قبائل حصہ لیں گے جبکہ داعش کے خلاف کارروائی کے دوران انہیں امریکی فوج کی فضائی معاونت بھی حاصل ہوگی۔  عراقی فوج کے مطابق شہریوں نے لڑائی شروع ہونے سے قبل ہی نقل مکانی شروع کر دی ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق عراق کے صوبہ الانبار کے دوسرے بڑے اور اسٹریٹیجک شہر فلوجہ کو آزاد کرانے کیلئے وزیراعظم حیدر العبادی کے حکم سے کارروائی کا آغاز اتوار کی رات سے ہوگیا۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق پولیس، فوج اور الحشد الشعبی پر مشتمل پہلا گروپ، داعش دہشت گردوں کی رکاوٹوں اور پناہ گاہوں کو عبور کرتا ہوا کئی اطراف سے شہر فلوجہ میں داخل ہوگیا ہے۔ الحشد الشعبی کے ایک ذریعے نے کہا کہ اس کارروائی میں عراقی فوج کے توپخانے کی یونٹوں کے علاوہ عوامی فورس بھی شامل ہے۔ درایں اثنا عراقی وزیر اعظم اور مسلح افواج کے کمانڈر حیدر العبادی نے پیر کی صبح کو فلوجہ کو آزاد کرانے کی کارروائی کا حکم صادر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ شہر عنقریب ہی آزاد ہوجائے گا اور اس شہر پر عراقی پرچم لہرائے گا۔

انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ سرنوشت ساز کامیابی کا لمحہ قریب ہے، کہا کہ داعش کے پاس فرار کے سوا اور کوئی راستہ نہیں ہے۔ خبروں میں کہا گیا ہے کہ عراق کے 20 ہزار فوجی فلوجہ کو آزاد کرانے کے لئے آمادہ ہیں۔ اطلاعات کے مطابق فلوجہ پر داعش دہشت گردوں کا قبضہ ہے اور اس شہر کو دہشت گردوں سے آزاد کرانے کے لئے عراقی فوج ہتھیاروں سے مسلح ہوگئی ہے۔ عراقی فوج نے فلوجہ کے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ شہر کو ترک کر دیں اور داعش اور عراقی فوج کے درمیان شروع ہونے والی لڑائی سے بالکل دور رہیں۔ بعض عراقی ذرائع کے مطابق عراقی فوج نے فلوجہ کو چاروں طرف سے محاصرے میں لے لیا ہے اور فلوجہ میں داعش دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کرنے کے لئے بالکل آمادہ ہے۔


خبر کا کوڈ: 540427

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/540427/عراقی-وزیراعظم-حیدر-العبادی-کیجانب-سے-فلوجہ-میں-داعش-کیخلاف-فوجی-ا-پریشن-کا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org