0
Monday 23 May 2016 22:58

ہمیں قائدِاعظم کا پاکستان چاہیے جس میں مذہبی آزادی ہو، شیخ نیئر عباس مصطفوی

ہمیں قائدِاعظم کا پاکستان چاہیے جس میں مذہبی آزادی ہو، شیخ نیئر عباس مصطفوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سربراہ شیخ نیئر عباس مصطفوی نے کہا کہ ہم ہر مظلوم کی حمایت کرینگے اور ہر ظالم سے اظہار نفرت و برأت کرتے رہیں گے۔ ہم اپنے شہداء کے پاک لہو کو دبنے نہیں دینگے اور ظالموں اور قاتلوں سے ہرگز مرعوب نہیں ہونگے، چاہے کتنی ہی قربانی دینی پڑے۔ ہم علامہ ناصر عباس کی جرات و استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں جو مظلومین کی حمایت میں 11 روز سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل شیخ نیئر عباس نے گلگت میں علامہ راجہ ناصر عباس سے اظہار یکجہتی کی خاطر لگائے گئے علامتی بھوک ہڑتال کیمپ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بتایا جائے کہ ملک بھر میں ڈاکٹرز، وکلاء، پروفیسرز اور دیگر شیعہ جوانوں کا کیا قصور تھا اور انہیں کس جرم میں قتل کیا گیا؟ حکومت بتائے کہ ہمارے شہداء کے قاتل کیوں آزاد ہیں؟ کیا یہ حکومت کی ذمہ داری نہیں کہ اپنے شہریوں کے جان ومال کو تحفظ فراہم کرے۔

شیخ نیئر عباس مصطفوی نے کہا کہ ہم اپنی مظلومیت کو شہداء کے جنازوں کے ساتھ زمین میں دفن ہونے نہیں دینگے۔ ہم کربلا والوں کے پیروکار ہیں، جس طرح وارثین شہداء کربلا نے خون ناحق کو چھپنے نہیں دیا اسی طرح ملت تشیع اپنے شہیدوں کے خون کو چھپنے نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قائداعظم کا پاکستان چاہیے جس میں ہر کوئی اپنے مذہب پر آزادی سے عمل پیرا رہے، ہمیں انتہا پسند پاکستان نہیں چاہیے جس کی کوکھ سے قاتل اور دہشتگرد جنم لیں۔ اس ملک کی آبیاری ہمارے شہداء کے خون سے ہوئی ہے اور آج تک ہمارے جوان ملک کی سلامتی کیلئے قربان ہو رہے ہیں، لیکن ملت تشیع کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک ریاست کے حق میں بہتر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں خوف زدہ کر کے معاشرے میں تنہا کرنا چاہتا ہے ہم نے دشمن کے اس منصوبے کو خاک میں ملا دیا ہے اور آج پاکستان کے تمام طبقات ہمارے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں اور مجلس وحدت آج ملک کے تمام مظلوم طبقات کی آواز بن چکی ہے۔
خبر کا کوڈ : 540552
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش