QR CodeQR Code

سعودی عرب نے پاکستانی اہل تشیع کا حج کوٹہ 90 فیصد کم کر دیا

وزیر مذہبی امور کے متعصبانہ رویے سے کوٹہ کم ہوا، وزیراعظم نوٹس لیں، شیعہ علما کونسل

24 May 2016 23:17

اسلام ٹائمز: شیعہ علما کونسل کے صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے لاہور میں "اسلام ٹائمز" سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت حج اور وزیر مذہبی امور کے متعصبانہ رویے کے باعث اس سال اہل تشیع سے تعلق رکھنے والے صرف 10 فیصد عازمین حج کی درخواستیں منظور کی گئی ہیں جبکہ 90 فیصد مسترد کر دی گئی ہیں، جس پر ملت جعفریہ میں تشویش پائی جاتی ہے، وزیر اعظم اس کا نوٹس لیں، اس زیادتی کیخلاف آواز احتجاج بلند کرنے کیلئے ہم ہر فورم کو استعمال کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ سعودی عرب کی جانب سے پاکستانی اہل تشیع کے حج کوٹہ میں کمی کر دی گئی ہے۔ حج کوٹہ میں کمی ہونے سے پاکستانی عازمین حج کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے پاکستانی وزارت حج کو آگاہ کیا گیا ہے کہ حج کیلئے سعودی عرب آنے والوں میں اہل تشیع کی تعداد میں گزشتہ برسوں کی نسبت 90 فیصد کمی کر دی جائے۔ سعودی احکامات ملنے کے بعد وزارت حج نے مخصوص ٹورز آپریٹرز کو کوٹہ دیدیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مخصوص ٹورز آپریٹرز کو مبینہ طور پر بھاری رشوت لیکر کوٹہ دیا گیا ہے اور اس میں وفاقی وزیر خود ملوث ہیں۔ حج کوٹہ میں کمی کے بعد پاکستانی اہل تشیع نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس حوالے سے شیعہ علما کونسل پنجاب اور اسلامی تحریک کے صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے لاہور میں "اسلام ٹائمز" سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت حج اور وزیر مذہبی امور کے متعصبانہ رویے کے باعث اس سال اہل تشیع سے تعلق رکھنے والے صرف 10 فیصد عازمین حج کی درخواستیں منظور کی گئی ہیں جبکہ 90 فیصد مسترد کر دی گئی ہیں، جس پر ملت جعفریہ میں تشویش پائی جاتی ہے، وزیر اعظم اس کا نوٹس لیں، اس زیادتی کیخلاف آواز احتجاج بلند کرنے کیلئے ہم ہر فورم کو استعمال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال ہزاروں شیعہ پاکستانی فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے حجاز مقدس جاتے ہیں، مگر وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کے مبینہ مخصوص متعصب فرقہ وارانہ نظریات کی بنا پر 90 فیصد شیعہ عازمین حج کی درخواستیں مسترد کر دی گئی ہیں جس کی ایک وجہ میزبان ملک کی نااہلی اور متعصبانہ پالیسی بھی بتائی جا رہی ہے، ہم سراپا احتجاج ہیں کسی بھی پاکستانی کو حج سے روکنے کی وزارت حج کو اجازت نہیں، ملت جعفریہ کیساتھ زیادتی ہو رہی ہے، جس کی وجہ وزارت حج میں بیٹھے مخصوص تنگ نظر سوچ کے حامل افراد بھی ہیں، جن کی سازشوں کے باعث شیعیان حیدر کرار کو حج کی سعادت سے محروم رکھا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ بیت اللہ خانہ کعبہ اور روضہ رسول پر حاضری تمام مسالک کا حق ہے، یہ کسی شاہی خاندان کی پسند ناپسند کی بات نہیں۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ وزارت حج تاجروں کے نرغے میں ہے، جہاں کوٹے بکتے ہیں، اس پر پرائیویٹ حج آپریٹرز بھی احتجاج کر چکے ہیں، وزیر اعظم میاں نواز شریف وزارت حج میں ہونیوالی بے ضابطگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کو ہٹا کر کسی معتدل شخص کو اس اہم وزارت کا قلمدان سونپیں، کیونکہ وہ عدل و انصاف سے عاری ہونے کیساتھ متعصبانہ رویہ بھی رکھتے ہیں اور مال کمانے میں مصروف ہیں۔


خبر کا کوڈ: 540815

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/540815/سعودی-عرب-نے-پاکستانی-اہل-تشیع-کا-حج-کوٹہ-90-فیصد-کم-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org