QR CodeQR Code

صیہونی حکومت ہی خطے کی اصل دشمن اور اس علاقے کے استحکام کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے، سید حسن نصراللہ

25 May 2016 18:30

اسلام ٹائمز: جنوبی لبنان سے صیہونی فوجیوں کی ذلت آمیز پسپائی کی 16ویں سالگرہ کے موقع پر ایک قومی تقریب سے خطاب میں حزب اللہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا ناجائز قبضہ ختم کرانے کا واحد راستہ یہ ہے کہ پورے خطے میں ہر جگہ اسرائیل کے خلاف جامع تحریک مزاحمت شروع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر خطے کی اقوام اور ان کی مسلح افواج متحد ہوں تو ایسی صورت میں جامع تحریک مزاحمت کا آغاز ممکن ہے۔


اسلام ٹائمز۔ حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے اسرائیل کو پورے خطے کے لئے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے صہیونی دشمن کے خلاف جامع تحریک مزاحمت شروع کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ جنوبی لبنان سے صیہونی فوجیوں کی ذلت آمیز پسپائی کی سولہویں سالگرہ کے موقع پر ایک قومی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید حسن نصراللہ نے کہا کہ یہ تقریب اس بات کی گواہ ہے کہ لبنان کے عوام اسرائیل کے خلاف اپنی کامیابیوں پر فخر کرتے ہیں اور یہ فتح ان کی تہذیب و ثقافت کا حصہ بن گئی ہے۔ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ حزب اللہ کے جوانوں کی قربانیاں نہ ہوتیں تو لبنان کو آزاد نہیں کرایا جاسکتا تھا۔

انہوں نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات کسی سے پوشیدہ نہیں ہے کہ صیہونی حکومت ہی خطے کی اصل دشمن اور اس علاقے کے استحکام کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا ناجائز قبضہ ختم کرانے کا واحد راستہ یہ ہے کہ پورے خطے میں ہر جگہ اسرائیل کے خلاف جامع تحریک مزاحمت شروع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر خطے کی اقوام اور ان کی مسلح افواج متحد ہوں تو ایسی صورت میں جامع تحریک مزاحمت کا آغاز ممکن ہے۔ انہوں نے فلسطینیوں سے اپیل کی کہ وہ پوری طرح ہوشیار رہیں اور باہمی اتحاد کو برقرار رکھیں، کیونکہ اتحاد ہی میں بقا کا راز پنہاں ہے۔ سید حسن نصراللہ نے اسرائیل کے خلاف مزاحمت کا محور کمزور کرنے کی سازشوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مزاحمت کے محور کو کبھی شکست نہیں ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 541105

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/541105/صیہونی-حکومت-ہی-خطے-کی-اصل-دشمن-اور-اس-علاقے-کے-استحکام-کیلئے-سب-سے-بڑا-خطرہ-ہے-سید-حسن-نصراللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org