0
Friday 27 May 2016 19:11

سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام ملک گیر ’’یوم مذمت امریکہ ‘‘ منایا گیا

سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام ملک گیر ’’یوم مذمت امریکہ ‘‘ منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام امریکی ڈرون حملے کیخلاف ملک گیر ’’یوم مذمت امریکہ ‘‘ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں جمعہ کے اجتماعات میں ڈرون حملے کیخلاف مذمتی قراردادیں بھی منظور کی گئیں اور امریکہ کی اسلام و پاکستان دشمنی کیخلاف خطبات جمعہ دیئے گئے اور نماز جمعہ کے بعد لاہور، کراچی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، پشاور سمیت مختلف شہروں میں امریکہ مخالف احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے۔ اس موقع پر چیئرمین سنی اتحاد کونسل پاکستان صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ رضویہ فیصل آباد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کمزوری کی وجہ سے امریکہ کو ڈرون حملہ کرنے کی جرأت ہوئی ہے، جنرل راحیل شریف نے ڈرون حملے پر سخت ردّ عمل ظاہر کرکے قوم کی ترجمانی کا حق ادا کیا ہے، ڈرون حملہ ہماری قومی غیرت کیلئے چیلنج ہے، اقوام متحدہ بلوچستان میں امریکی ڈرون حملے کا نوٹس لے، ہمارے حکمران قومی خود مختاری کے تحفظ میں ناکام ہو چکے ہیں۔

سنی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری نے المرکز الاسلامی شادباغ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ڈرون حملوں کیخلاف عالمی سطح پر آواز اٹھائے، امریکہ نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کو معمول بنالیا ہے، ڈرون حملے پر وزیراعظم قوم سے خطاب کیوں نہیں کرتے۔ سنی اتحاد کونسل بلوچستان کے صدر مولانا وزیر القادری نے کوئٹہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی خطرے میں ہے اور وزیر اعظم لندن میں شاپنگ کرتے پھر رہے ہیں، حکومت ڈرون حملے پر واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کرے۔ صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی نے منڈی بہاؤالدین میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے حکمرانوں نے ڈالروں کے لالچ میں پاکستان کو امریکی چراگاہ بنا دیا ہے، امریکہ کی پاکستان دشمنی کھل کر سامنے آ چکی ہے، امریکہ نے ہمیشہ دوستی کی آڑ میں پاکستان سے دشمنی کی ہے۔ مفتی فضل جمیل رضوی نے پشاور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے ڈرون حملہ کرکے افغان امن عمل کو نقصان پہنچایا ہے، امریکہ عالمی تھانیدار بن کر بد معاشی کر رہا ہے۔

یوم مذمت امریکہ کے موقع پر گوجرانوالہ میں مولانا اکبر نقشبندی، چھانگا مانگا میں مولانا ارشد مصطفائی، گجرات میں صاحبزادہ مطلوب رضا، فیصل آباد میں صاحبزادہ حسن رضا، کراچی میں مولانا تنویر الاسلام نقشبندی، چنیوٹ میں مولانا سیف سیالوی، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مولانا شمس الزمان، میانوالی میں مولانا محمد صدیق قادری نے اجتماعات سے خطاب کیا اور احتجاجی مظاہروں کی قیادت کی۔
خبر کا کوڈ : 541443
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش