0
Sunday 29 May 2016 01:26

دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت مٹھی بھر دہشتگردوں کا صفایا کرنے میں کیوں سنجیدہ نہیں، علامہ ناصر عباس

دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت مٹھی بھر دہشتگردوں کا صفایا کرنے میں کیوں سنجیدہ نہیں، علامہ ناصر عباس
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بھوک ہڑتال کے 16 ویں روز احتجاجی کیمپ میں مختلف وفود سے یوم تکبیر کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود مٹھی بھر دہشت گردوں کا صفایا کرنے میں ناکامی اقوام عالم کے سامنے ہماری خجالت کا باعث ہے۔ مختلف انداز میں شکوک و شبہات پیدا کرکے ہماری ایٹمی طاقت کو متنازعہ بنانے کے لئے عالم استعمار سازشوں میں مصروف ہے۔ ڈرون اور دہشت گرد حملوں سے ہماری خود مختاری اور سالمیت کو بار بار چیلنج کیا جا رہا ہے۔ لیکن حکومت کی طرف سے سفارتی سطح پر ہلکی سی تشویش کا اظہار نہ کیا جانا قومی حمیت کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حکمران اگر غیرت مند ہوں تو کسی مائی کے لال میں جرات نہیں کہ وہ اس مادر وطن کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے۔ پاکستان کے بیس کروڑ عوام دشمن کے ارادوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن سکتے ہیں مگر شرط یہ ہے کہ حکمران اپنے اندر ملک دشمنوں قوتوں سے سخت لہجے میں بات کرنے کی ہمت پیدا کریں۔

علامہ ناصر عباس نے یوم تکبیر کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ اس ملک کا ہر شخص پر مادر وطن کی حفاظت واجب ہے۔ ہم سب نے مل کر اس ملک کو دہشت گردوں اور کرپٹ عناصر سے پاک کرنا ہے۔ ریاستی اداروں کو سیاسی دباو سے آزاد کرنے کے لئے ہمیں میدان میں نکلنا ہوگا۔ وطن عزیز کو اس وقت ہی ناقابل تسخیر قرار دیا جا سکے گا جب یہ سرزمین دشمن کے نجس قدموں سے پاک ہوگی۔ احتجاجی کیمپ میں اظہار یکجہتی کے لئے آنے والی شخصیات میں استاد حوزہ علمیہ حجت الاسلام والمسلمین شیخ محمد نجفی، ممتاز عالم دین مولانا مرزا افتخار، نامور ذاکر اہلبیت حیدر علی شاہ، معروف ذاکر اہلبیت ؑ ریاض شاہ رتوال، انجمن ذوالفقار حیدری کے سالار سید ندیم عباس اور ان کے وفود بھی شامل تھے۔ انہوں نے ملت تشیع کے لیے علامہ ناصر عباس کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت قوم کے ہر فرد کو ایم ڈبلیو ایم کے ہمراہ میدان عمل میں نکلتے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں ہماری جب ضرورت پڑی قوم ہمیں آپ کے ساتھ کھڑا دیکھے گی۔
خبر کا کوڈ : 541803
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش