0
Thursday 2 Jun 2016 09:39

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بند کرائے، سردار یعقوب

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بند کرائے، سردار یعقوب
اسلام ٹائمز۔ کشمیر کے بارے میں دو روزہ بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنا بنیادی حق مانگتے ہیں۔ کشمیریوں نے اپنی جدوجہد آزادی میں بھارتی ظلم و ستم کے خلاف بھرپور حوصلے کا مظاہرہ کیا۔ دو روزہ بین الاقوامی سیمینار بدھ کو اسلام آباد میں شروع ہوا جس کا اہتمام یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میرپور نے کیا ہے۔ مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں عام شہریوں کے قتل، سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک سمیت حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی گھروں اور جیلوں میں نظربندی کی شدید مذمت کی۔ مقررین نے تنازعہ کشمیر کے بین الاقوامی پہلوؤں اور موجودہ تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کیلئے بھارت کے مذموم منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی گئی۔

آزاد کشمیر کے صدر سردار یعقوب خان نے اپنے خطاب میں شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم کرنے کے لیے تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کا یہ بہترین موقع ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بند کرائے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجہ ظفرالحق نے کہا کہ کشمیر کوئی علاقائی نہیں بلکہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جس کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ کشمیر میڈیا سروس کے ڈائریکٹر شیخ تجمل الاسلام نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت تحریک آزادی کو دبانے کیلئے ریاستی دہشت گردی میں تیزی لے آیا ہے۔ حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سرینگر سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ سیمینار سے حریت رہنماؤں آغا سید حسن الموسوی، ظفر اکبر بٹ، وائس چانسلر ڈاکٹر حبیب الرحمان، ڈاکٹر عطیہ عنایت اﷲ، ڈاکٹر محمد خان، مشال ملک، جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی اور یورپی یونین کے رکن پارلیمنٹ امجد بشیر نے بھی خطاب کیا۔ مسٹ کی طرف سے علی گیلانی کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دینے کا اعلان کیا گیا۔ سیمینار کے شرکاء نے وزیراعظم نواز شریف کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 542830
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش