0
Thursday 2 Jun 2016 16:36

کراچی کے 2 حلقوں سمیت سندھ اسمبلی کی 3 نشستوں پر ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ جاری

کراچی کے 2 حلقوں سمیت سندھ اسمبلی کی 3 نشستوں پر ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ جاری
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے دو حلقوں سمیت سندھ اسمبلی کی 3 نشستوں پر ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی اور نوشہرو فیروز میں سندھ اسمبلی کی 3 نشستوں پر ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا، جو کہ شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ ضمنی انتخاب میں عوام کی سہولت کیلئے تینوں حلقوں میں عام تعطیل ہے، تاہم نجی دفاتر اور کاروباری مراکز کھلے ہیں۔ پولنگ کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر رینجرز کے اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، جبکہ پاک فوج کو کسی بھی ہنگامی صورت حال کیلئے تیار رہنے کے احکامات ملے ہیں، رینجرز اور پاک فوج کے افسران کو میجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات تفویض کئے گئے ہیں، تاکہ شر انگیزی پھیلانے والوں کو موقع پر ہی سزا دی جا سکے۔ اس کے علاوہ پولیس کی جانب سے سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔

کراچی کے حلقہ پی ایس 106 میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 76 پزار 395 ہے، جن کیلئے 100 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، جن میں سے 73 کو انتہائی حساس، جبکہ 27 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ ان پولنگ اسٹیشنز پر 900 افراد پر مشتمل عملہ خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ پی ایس 117 میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 63 ہزار 746 ہے، اور پورے حلقے میں 84 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، ان پولنگ اسٹیشنز پر بھی رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے۔ واضح رہے کہ کراچی میں سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 106 اور پی ایس 117، جبکہ نوشہرو فیروز میں حلقہ پی ایس 22 کی نشست پر ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ پی ایس 106 اور پی ایس 117 پر ایم کیو ایم کے افتخار عالم اور ڈاکٹر صغیر کامیاب ہوئے تھے، تاہم دونوں افراد ایم کیو ایم چھوڑ کر مصطفیٰ کمال کی پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوگئے تھے، اور انہوں نے اپنی اسمبلی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا، جبکہ پی ایس 22 پر عدالت کے حکم پر ضمنی انتخاب ہو رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 542919
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش