QR CodeQR Code

جب تک دہشت گردی ختم نہیں ہوگی اس وقت تک سرمایہ کاری کیسے ہو گی؟، یوسف رضا گیلانی

2 Jun 2016 18:30

اسلام ٹائمز: ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کا وڈیو لنک خطاب غیر آئینی نہیں ہے ٹی او آر کا معاملہ ڈیڈلاک کی بجائے افہام و تفہیم سے حل ہونا چاہیئے۔


اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں 65 فیصد نوجوان موجود ہیں جبکہ لیڈر شپ کی عمر 65 سال سے زیادہ ہے۔ 18 سے 45 سال تک کے نوجوانوں کی نمائندگی بلاول بھٹو ہی کر سکتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے صیح کارڈ کھیلے تو آنے والے وقتوں میں پنجاب میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہوگی۔ کوآرڈینیشن کمیٹی ہر ضلع میں جائے گی اور کارکنوں کی مشاورت سے چیئرمین بلاول بھٹو کو نام دیں گے اور وہ خود عہدیداران کا اعلان کریں گے۔ کوئی بھی عہدیدار مجھ سمیت کسی کی بھی پسند یا ناپسند کا نہ ہوگا بلکہ کارکنوں کی پسند کا ہوگا۔ وزیراعظم کا ویڈیو لنک خطاب غیر آئینی نہیں ہے، ٹی او آر کا معاملہ ڈیڈلاک کی بجائے افہام و تفہیم سے حل ہونا چاہیئے۔ میاں نواز شریف کی بیماری کا معاملہ پہلی بار ہوا ہے اس پر آئینی ترامیم ہونی چاہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سابق عہدیداران و اراکین اسمبلی کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر پارٹی رہنما مخدوم احمد محمود، مخدوم شہاب الدین، پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی قاضی احمد سعید، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی شہاب الدین سیہڑ سمیت شوکت بسرا، ٹوچی خان، حیدر زمان قریشی، خواجہ رضوان عالم، ڈاکٹر جاوید صدیقی، مختار احمد اعوان سمیت دیگر عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ ہم نے ہمیشہ پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات کی ہے اور کبھی بھی فرینڈلی اپوزیشن نہیں کی اور جب تک ہم جیل نہیں جاتے فرینڈلی اپوزیشن ہی نظر آتی ہے۔ ہم نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑا المیہ دہشت گردی ہے جب تک دہشت گردی ختم نہیں ہوگی اس وقت تک سرمایہ کاری کیسے ہوگی۔ گوادر ہمارا فوکس ہے جو معاشی حب ہے جس کی وجہ سے معیشت مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جب سوات اور مالاکنڈ میں آپریشن کیا تو اپوزیشن نے مخالفت کی لیکن جو آپریشن ہو رہا ہے وہ ہمارے موقف کی تائید ہے۔


خبر کا کوڈ: 542934

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/542934/جب-تک-دہشت-گردی-ختم-نہیں-ہوگی-اس-وقت-سرمایہ-کاری-کیسے-ہو-گی-یوسف-رضا-گیلانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org