QR CodeQR Code

ملکی مسائل کا حل بے لاگ اور بلا امتیاز احتساب میں ہے، سینیٹر سراج الحق

2 Jun 2016 21:39

اسلام ٹائمز: پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مرکزی امیر نے کہا ہے کہ بیورو کریسی، اسٹیبلشمنٹ اور حکومت نے اپنے لوگوں کا احتساب نہ کرنے کی روایت جاری رکھی تو ملک میں کبھی حقیقی احتساب نہیں ہوسکے گا، حقیقی اور نظر آنے والا احتساب پوری قوم کا مطالبہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کچھ لوگ کرپشن کے بت کو گردوغبار اور شور شرابے میں چھپانا چاہتے ہیں، مگر قوم نے ٹھان لی ہے کہ احتساب ابھی نہیں تو کبھی نہیں، تمام ملکی مسائل کا حل ایک بے لاگ اور بلاامتیاز احتساب میں ہے۔ جب تک قومی دولت لوٹنے والوں کو گریبانوں سے پکڑ کر اقتدار کے ایوانوں سے نہ نکالا گیا۔ تو قوم مسائل کی دلدل سے نہیں نکل سکے گی۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ بیوروکریسی، اسٹیبلشمنٹ اور حکومت نے اپنے لوگوں کا احتساب نہ کرنے کی روایت جاری رکھی تو ملک میں کبھی حقیقی احتساب نہیں ہوسکے گا۔ حقیقی اور نظر آنے والا احتساب پوری قوم کا مطالبہ ہے مگر حکومت تاخیری حربوں سے اسے ناکام بنانے پر تلی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی ٹی او آرز پر ڈیڈ لاک فوری ختم کرے، بااختیار کمیشن بنانے میں حکومت کو فراخدلی کا مظاہرہ کرناچاہیے، کمیشن کو اختیار نہ دینے کا مطلب یہ ہے کہ حکومت احتساب کے معاملے میں سنجیدہ نہیں۔ دوسری طرف امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی سے ملاقات کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کے خاتمے کے لیے بھارت جو ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے وہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روح کے منافی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان اس مسئلے کو اقوام متحدہ اور عالمی اداروں میں موثر طور پر اٹھائے۔ اس موقع پر انہو ں نے کشمیریوں کی حمایت کے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ ہم کشمیریوں کے پشتیبان ہیں اور دامے درمے سخنے ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔


خبر کا کوڈ: 542964

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/542964/ملکی-مسائل-کا-حل-بے-لاگ-اور-بلا-امتیاز-احتساب-میں-ہے-سینیٹر-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org