QR CodeQR Code

افغان سفیر ڈاکٹر عمر زاخیل وال کی اسلام آباد میں سینیٹر سراج الحق سے ملاقات

6 Jun 2016 20:06

اسلام ٹائمز۔ ملاقات کے دوران جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ دونوں برادر اسلامی ممالک میں اسلام کا دائمی رشتہ ہے جسے کوئی طاقت توڑ نہیں سکتی، امن افغانستان خود پاکستان کی ضرورت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں تعینات افغانستان کے سفیر ڈاکٹر عمر زاخیل وال نے اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی اور انہیں اسلامی جمہوریہ افغانستان کے صدر اشرف غنی کی طرف سے افغانستان کے دورہ کی دعوت دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم مختلف افغان دھڑوں میں مصالحت اور پر امن مذاکرات چاہتے ہیں۔ پاکستان اور افغانستان دو قالب یک جان ہیں اور دونوں ممالک کے ایک دوسرے کے ساتھ مفادات وابستہ ہیں۔ دونوں برادر اسلامی ممالک میں اسلام کا دائمی رشتہ ہے جسے کوئی طاقت توڑ نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پر امن افغانستان خود پاکستان کی ضرورت ہے۔ دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ افغانستان اور پاکستان کی زمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہئے۔ افغان سفیر ڈاکٹر عمر زاخیل وال نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا شکریہ ادا کیا کہ پاکستان نے لاکھوں افغان مہاجرین کو نہ صرف اپنے ہاں پناہ دی بلکہ بھائیوں کی طرح ان کی مہمان نوازی بھی کی۔ ملاقات میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم بھی موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 543742

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/543742/افغان-سفیر-ڈاکٹر-عمر-زاخیل-وال-کی-اسلام-آباد-میں-سینیٹر-سراج-الحق-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org