0
Thursday 9 Jun 2016 19:08

لاہور، یوم وصال حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا عزت و احترام سے منایا گیا

لاہور، یوم وصال حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا عزت و احترام سے منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ تنظیم اتحاد امت پاکستان کے زیراہتمام ملک گیر سطح پر حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کے یوم وصال کے حوالے سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا جن میں علماء کرام و مشائخ عظام اور مذہبی سکالرز نے حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کے فضائل و مناقب پیش کیے اور آپ سلام اللہ علیہا کی بابرکت زندگی پر روشنی ڈالی۔ مرکزی تقریب لاہور میں ہوئی جس میں چیئرمین تنظیم اتحاد امت پاکستان اور ناظم اعلیٰ اتحاد امت اسلامک سنٹر محمد ضیاء الحق نقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کی ذات کے نقش قدم پر چلتے ہوئے آج ہماری مائیں بہنیں اور بیٹیاں دنیا وآخرت میں سرخروئی حاصل کر سکتی ہیں، آج مسلم خواتین کی رول ماڈل حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا ہونی چاہیے ناکہ بیہودہ فلموں اور ڈراموں میں کام کرنیوالی خواتین کو کوئی رول ماڈل نہ بنائے۔ انہوں نے کہا دین اسلام کی اشاعت میں حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کا کردار مثالی ہے، انہوں نے اپنے والدگرامی حضرت نبی کریم ﷺ کیلئے ہمیشہ وہی پسند فرمایا جو کریم آقا ﷺ پسند فرماتے تھے۔ آپ کی ذات بابرکت سے رہتی دنیا تک لوگ فیض یاب ہوں گے آپ کی سیرت مطہرہ پر عمل کر کے مسلم خواتین دنیا میں کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتی ہیں۔ مولانا قاری غلام حسین نقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام میں خواتین میں سے حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا محسن ہیں جنہوں نے اپنی ساری عمر دین اسلام کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ مفتی ابوبکر اعوان ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا نے اپنے بچوں کی جس طرح تربیت کی اس کی بھی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔ مفتی مسعود الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہمہ وقت حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کی عزت وحرمت پر جان قربان کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ سیرت حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کو نصاب کا خصوصی طور پر حصہ بنائیں۔
خبر کا کوڈ : 544554
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش