QR CodeQR Code

سعودی عرب اور اسرائیل کو دہشتگردوں کی حمایت کا تاوان ادا کرنا پڑے گا

امریکہ، اسرائیل اور انکے اتحادی ممالک خطے میں دہشتگردی کو فروغ دے رہے ہیں، جنرل حسین دہقان

تکفیری دہشتگردوں کیخلاف کارروائی علاقے میں امن و ثبات قائم ہونے تک جاری رہے گی

10 Jun 2016 01:19

اسلام ٹائمز: تہران میں روس اور شام کے وزراء دفاع کیساتھ ہونے والے سہ فریقی اجلاس میں ایرانی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ایران نے شام، عراق، یمن اور دہشت گردی سے متاثرہ تمام ممالک کی اصولی حمایت کا فیصلہ کر رکھا ہے اور دہشت گردی کے خاتمہ تک ایران اپنی حمایت جاری رکھے گا۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے وزیر دفاع جنرل حسین دہقان نے کہا ہے کہ ایران علاقے میں امن و استحکام کے لنگر کی حیثیت سے دہشت گرد گروہوں کے خلاف ٹھوس اور ہمہ گیر جنگ کو، علاقے اور دنیا میں امن و ثبات کے قیام کے لئے اپنا انسانی فریضہ سمجھتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں روس، ایران اور شام کے وزراء دفاع کا سہ فریقی اجلاس منعقد ہوا، جس میں دہشت گردی کی روک تھام کے بارے میں غور و خوض کیا گیا۔ ایرانی وزیر دفاع جنرل حسین دھقان کی دعوت پر یہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں روس کے وزیر دفاع جنرل سرگئی شویکو اور شام کے وزیر دفاع جنرل فہد جاسم الفریج نے شرکت کی۔ اس سہ فریقی اجلاس میں علاقہ کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بھی غور کیا گیا۔ اس اجلاس میں ایرانی وزیر دفاع جنرل حسین دھقان نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور ان کے اتحادی ممالک خطے میں دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں جبکہ اس سے قبل ایران کو بڑے پیمانے پر دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سنجیدہ اور ٹھوس کوششوں کی ضرورت ہے اور اسی سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے شام اور عراق کی حکومتوں کی درخواست قبول کی اور ایران دہشت گردی کے خلاف ہمسایہ ممالک کی بھرپور حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔

جنرل دہقان نے کہا کہ ایران نے شام، عراق، یمن اور دہشت گردی سے متاثرہ تمام ممالک کی اصولی حمایت کا فیصلہ کر رکھا ہے اور دہشت گردی کے خاتمہ تک ایران اپنی حمایت جاری رکھے گا۔ ایرانی وزیر دفاع نے اسرائیل اور سعودی عرب کی طرف سے دہشت گردوں کی حمایت کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی میں زیادہ تر ملوث افراد کا تعلق سعودی عرب سے ہے اور سعودی عرب خطے میں شیطانی اور دہشت گردانہ شرارت کا محور ہے، جسے بڑے شیطان امریکہ کی سرپرستی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور اسرائیل داعش اور جبھۃ النصرہ دہشت گرد گروہوں کی مدد و حمایت کر رہے ہیں، سعودی عرب اور اسرائیل کو دہشت گردوں کی حمایت کا تاوان ادا کرنا پڑے گا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ تکفیری دہشت گردوں کے خلاف کارروائی علاقے میں امن و ثبات قائم ہونے تک جاری رہے گی اور ہم ایسی فائر بندی کے خلاف ہیں، جس سے دہشت گرد مضبوط اور مستحکم ہوں۔ اس اجلاس کے اختتام پر روس اور شام کے وزراء دفاع نے بھی دہشت گردی کے مکمل قلع قمع کرنے تک باہمی تعاون پر تاکید کی۔ روس اور شام کے وزراء دفاع نے سہ فریقی اجلاس منعقد کرنے پر ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس میں دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس کارروائی کرنے پر تینوں ممالک نے اتفاق کیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 544695

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/544695/امریکہ-اسرائیل-اور-انکے-اتحادی-ممالک-خطے-میں-دہشتگردی-کو-فروغ-دے-رہے-ہیں-جنرل-حسین-دہقان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org