0
Friday 10 Jun 2016 19:16

امریکی وفد کی مشیر امور خارجہ سے ملاقات، ڈرون حملے پر پاکستان کا شدید احتجاج

امریکی وفد کی مشیر امور خارجہ سے ملاقات، ڈرون حملے پر پاکستان کا شدید احتجاج
اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے امریکہ سے اکیس مئی کے ڈرون حملے پر شدید احتجاج ریکارڈ کرا دیا اور آئندہ ایسے کسی بھی حملے کی صورت میں تعلقات کونقصان پہنچنےسےخبردار بھی کر دیا۔ بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت امریکی وفد کے سامنے رکھ دیے گئے۔ پاکستان نے امریکہ پر واضح کردیا کہ ڈرون حملے پاکستان سالمیت اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے خلاف ہیں۔ بلوچستان میں امریکی ڈرون حملے سے افغان مصالحتی عمل کو نقصان پہنچا۔ مستقبل میں ایسا حملہ ہوا تو یہ دوطرفہ تعلقات کے لئیے نقصان دہ ہوگا۔ بارک اوباما کے مشیر پیٹر لیوائے اور نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن سمیت پانچ رکنی امریکی وفد نے پاک امریکہ تعلقات میں تناو ختم کرنے کے لئے اسلام آباد میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور اکیس مئی کے ڈرون حملے کے بعد افغان امن عمل کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی وفد نے پاکستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا الزام دہرایا تو پاکستان نے جواب میں آپریشن ضرب عضب کی کامیابیاں پیش کردیں۔ سرتاج عزیز نے شرپسندوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا یقین دلاتے ہوئے پاک افغان سرحد پر بارڈر مینجمنٹ سسٹم بہتر بنانے اور افغان مہاجرین کی واپسی کو پاکستان کی سیکیورٹی کے لئے ضروری قرار دیا۔ سرتاج عزیز نے زور دیا کہ افغان فورسز کو افغانستان میں طالبان کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔ پاکستان نے بھارت کی جانب امریکی جھکاو پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ مشیر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان کو امریکا بھارت دفاعی معاہدوں پر تحفظات ہیں۔ نیوکلیئر سپلائرز گروپ کیلئے صرف بھارت کی حمایت خطے میں عدم استحکام پیدا کرے گی، اس لیے امریکا گروپ میں پاکستان کی شمولیت کی بھی حمایت کرے۔

سرتاج عزیز نے امریکی وفد کو بھارتی خفیہ ایجنٹ کلبھوشن یادیو کا اعترافی بیان بھی دکھایا۔ پاکستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت بھی پیش کیے۔ سول قیادت نے امریکی وفد پر یہ بھی واضح کیا کہ تعلقات میں پیدا ہونے والی سرد مہری ختم کرنے کی زیادہ تر ذمہ داری امریکا پر عائد ہوتی ہے۔ امریکی نمائندے پیٹر لیوائے نے پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کے فروغ کی امید کا اظہار کیا۔ انھوں نے صدر اوباما کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔
خبر کا کوڈ : 544728
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش