0
Sunday 12 Jun 2016 02:11

حکومت قومی اسمبلی کے اہم اجلاسوں میں کورم پورا کرنے میں ایک بار پھر ناکام ہوگئی

حکومت قومی اسمبلی کے اہم اجلاسوں میں کورم پورا کرنے میں ایک بار پھر ناکام ہوگئی
اسلام ٹائمز۔ حکمران جماعت مسلم لیگ نون قومی اسمبلی کے بجٹ جیسے اہم اجلاس میں کورم پورا کرنے میں ایک بار پھر ناکام ہوگئی۔ اپوزیشن نے پہلے بجٹ پر خوب تنقید کی اور پھر کورم کی نشاندہی کرکے اجلاس کی کارروائی بھی نہ چلنے دی۔ تفصیلات کے مطابق، بجٹ اجلاس کے دوران کورم برقرار رکھنا حکومت کے لیے درد سر بن گیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس شروع ہوا تو 342 کے ایوان میں صرف 25 ارکان ہی موجود تھے۔ بجٹ پر بحث کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی نفیسہ شاہ نے کہا کہ وفاقی وزراء پارلیمنٹ میں نہیں آتے مگر جی ایچ کیو سے بلاوا آئے تو فورا ًپہنچ جاتے ہیں۔ وزیر اعظم کی بیماری کا تو پتہ نہیں لیکن حکومت کو میجر سرجری کی ضرورت ہے۔ اپوزیشن ارکان نے بجٹ پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ مہنگائی کی چکی میں پسنے والی عوام کی حالت مزید بگڑتی جا رہی ہے۔ اجلاس میں ارکان کی جانب سے غیرت کے نام پر قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مناسب قانون سازی کا بھی مطالبہ کیا گیا، نفیسہ شاہ نے کہا کہ بچیوں کو زندہ جلائے جانے کے واقعات پر ایوان کیوں خاموش ہے؟ ایک ماہ میں غیرت کے نام پر قتل ہونے والی تین بچیوں کا خون رائیگاں نہیں جانا چاہیے۔ شیریں مزاری نے جے یو آئی کے سینیٹر حافظ حمد اللہ کی جانب سے ٹی وی شو میں ماروی سرمد کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک پر احتجاج کیا اور قانون ساز اداروں سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے بھی واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین قابل احترام ہیں، کورم مکمل نہ ہونے پر قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی دوپہر اڑھائی بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 545007
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش