0
Saturday 23 May 2009 09:53

پشاور : سینما کے باہر دھماکا، 12 افراد جاں بحق، 75 زخمی، متعدد گاڑیاں ہوٹل تباہ

پشاور : سینما کے باہر دھماکا، 12 افراد جاں بحق، 75 زخمی، متعدد گاڑیاں ہوٹل تباہ
پشاور: پشاور میں خیبر بازار میں سینما کے باہر بم دھماکے کے نتیجے میں 12افراد جاں بحق اور 75زخمی ہوگئے ، قریبی گاڑیاں اور ہوٹل بھی تباہ، سینما ہال کا ایک حصہ منہدم ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق خیبر بازار کے مقامی سینما میں شو جاری تھا کہ سینما کے باہر کھڑی کار میں نصب بم دھماکے سے پھٹ گیا، دھماکے کی شدت سے متعدد گاڑیاں اور ہوٹل تباہ ہوگیا، قریبی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا جبکہ جائے وقوعہ پر ہرطرف انسانی اعضا بکھر گئے۔ بجلی کے تار ٹوٹ گئے اور بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔ پورے علاقے کو پولیس نے گھیرے میں لے لیا جبکہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ اسپتالوں میں لائے گئے زخمی افراد بری طرح جھلسے ہوئے تھے، بیشتر کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک افسر سمیت 3پولیس اہلکار شامل ہیں۔ سی سی پی او پشاور نے جیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی میں خرابی کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں، 40سے 50کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، شہر میں ہائی الرٹ تھا تاہم انٹیلی جنس ذرائع نے ایسی کوئی اطلاع نہیں دی تھی ۔ دھماکے کے بعد جائے وقوع پر ہزاروں لوگ جمع ہوگئے جسکی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔دریں اثناء وزیر اطلاعات سرحد میاں افتخار حسین نے پشاور میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عوامی مقام پر دھماکے کا مقصد خوف و دہشت پھیلانا ہے، یہ دھماکا سوات آپریشن کا ردعمل بھی ہو سکتا ہے۔ صدر آصف زرداری، وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی، وزیر داخلہ رحمن ملک،وزرائے اعلی سندھ، پنجاب،سرحد اور بلوچستان ، گورنر سرحد اور سندھ نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ واضح رہے کہ اس ہفتے پشاور میں یہ تیسرا بم دھماکا ہے۔

خبر کا کوڈ : 5454
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش