0
Tuesday 14 Jun 2016 18:50

خیبر پختونخوا، مالی سال 2016-17 کیلئے 505 ارب کا بجٹ پیش کر دیا گیا

خیبر پختونخوا، مالی سال 2016-17 کیلئے 505 ارب کا بجٹ پیش کر دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ وزیر خزانہ خیبر پختونخوا مظفر سید نے آئندہ مالی سال 2016-17 کیلئے 505 ارب کا صوبائی بجٹ پیش کردیا ہے۔ جس میں صوبائی ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کا کل حجم 161 ارب روپے اور توانائی اور بجلی کے 33 منصوبوں کیلئے 4 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ وزیر خزانہ کے پی کے مظفر سید نے بجٹ تقریر میں کہا کہ مالی سال 2016-17 کے بجٹ میں صوبائی ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کیلئے 40 ارب 91 کروڑ روپے مختص کئے گئے رہے ہیں، جبکہ معذور افراد کو ایک ہزار روپے کنوینس الاﺅنس بھی دیا جائے گا۔ بجٹ میں قرضوں پر مارک اپ کی ادائیگی کیلئے 8 ارب 8 کروڑ روپے، گندم پرسبسڈی کیلئے 2 ارب 90 کروڑ روپے، مواصلات و تعمیرات کیلئے 3 ارب 20 کروڑ روپے، اعلیٰ تعلیم کیلئے 9 ارب 50 کروڑ روپے، صحت کیلئے 38 ارب روپے، تعلیم کیلئے 111 ارب 52 کروڑ روپے جبکہ اخراجات جاریہ کیلئے 344 ارب روپے مختص کئے جا رہے ہیں۔

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اخراجات کا تخمینہ 505 ارب روپے لگایا گیا ہے جبکہ بجلی کے خالص منافع کی مد میں 18 ارب 70 کروڑ 40 لاکھ روپے اور اور وفاق کی جانب سے بجلی کے منافع کی بقایا جات کی مد میں 15 ارب روپے دے گا۔ جنوبی اضلاع میں تیل وگیس کی رائلٹی کی مد میں 17 ارب 19 کروڑ 99 لاکھ روپے ملنے کی توقع ہے اور بے امنی کیخلاف جنگ کے اخراجات کے طور پر 28 کروڑ روپے ملیں گے۔ وزیر خزانہ مظفر سید نے کہا کہ صحت کے93 منصوبوں کیلئے 10 ارب 54 کروڑ روپے مختص کئے جا رہے ہیں، جبکہ سرطان کے3500 مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی اور پشاور، مردان، صوابی میں بنیادی مراکز صحت کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ آئندہ مالی سال کے دوران صوبے میں 10 نئے سرکاری کالجز قائم کئے جائیں گے۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ کچھ اشیا پر اسٹامپ ڈیوٹی کی شرح میں اضافے کی تجویز دی جا رہی ہے اور سیلز ٹیکس کے فرسٹ شیڈول میں مزید سروسز کا اضافہ کیا جائے گا، جبکہ جائیداد کے انتقال پر فیس کی موجودہ شرح 2 فیصد سے کم کرکے ایک فیصد کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ پشاور کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے جبہ ڈیم جلد تعمیر کیا جائےگا اور 200 سکیموں کو شمسی توانائی سے منسلک کیا جائے گا۔ بجٹ میں پولیس کیلئے 32ارب 94 کروڑ، آبپاشی کیلئے 3 ارب 42 کروڑ روپے، زراعت کیلئے 3 ارب 80 کروڑ، ماحولیات و جنگلات کیلئے 2 ارب روپے، فنی تعلیم، افرادی تربیت کیلئے 1 ارب 97 کروڑ روپے اور کھیل و ثقافت کیلئے 60 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 545828
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش